لاہور (مانیٹرننگ ڈیسک) پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں میٹرنٹی ایمبولینس سروس کا آغاز کردیا۔ محکمہ صحت نے ماں بچہ صحت پروگرام کے تحت 193 میٹرنٹی ایمبولینس فیلڈ میں اتار دیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر میں ماں بچہ صحت پروگرام کے تحت نئی سپیشل میٹرنٹی ایمبولینس سروس کا آغاز کردیا گیا۔ صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نےایمبولینس سروس کا فیتا کاٹ کر افتتاح کیا اور پراجیکٹ کی کامیابی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ لاہور اور صوبہ بھر میں میٹرنٹی ایمبولینس کی تعداد 250 ہوگئی ہے۔ ماں بچہ صحت پروگرام کے تحت 193 نئی میٹرنٹی ایمبولینس فیلڈ میں اتار دیں ہیں۔
خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ اس سروس کا مقصد زچگی خواتین کو فرسٹ ایڈ اور دیگر طبی سہولیات فراہم کرنا ہیں تاکہ دور دراز کے علاقوں میں واقع بنیادی صحت مرکز تک خواتین کو پہنچایا جا سکے۔
اُنہوں نے کہا کہ میٹرنٹی ایمبولینس سروس حاملہ خواتین کو ہیلتھ سنٹر میں ڈلیوری کے لیے پہنچائے گی، چار بنیادی ہیلتھ یونٹ پر ایک میٹرنٹی ایمبولینس موجود ہو گی۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر اختر رشید کا کہنا تھا کہ اس سروس کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے کال سنٹر بھی بنایا جائے گا۔ پنجاب حکومت کی جانب سے ماں بچہ صحت پروگرام کےتحت خصوصی میٹرنٹی ایمبولینس سروس کا آغاز انتہائی اہم اقدام ہے۔
source..http://city42.tv/punjab-government/2016/12/18/punjab-govt-start-maternity-ambulance-service/