ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان).ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے تعلیمی اداروں اور مراکز صحت میں 954ترقیاتی منصوبوں پر ایک ارب 64کروڑ 70لاکھ روپے خر چ کیے جا رہے ہیں . منصوبوں کی تکمیل کیلئے ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی ہے . مٹیریل کے معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے کڑی نگرانی کی جار ہی ہے . یہ بات ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ؍ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ و فنانس اظفر ضیاء نے ترقیاتی منصوبوں کے معائنہ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی . انہوں نے کہاکہ ڈویلپمنٹ پروگرامز 2016-17کے تحت ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے تعلیمی اداروں میں خستہ حال اور ناقابل استعمال عمارتوں کو گرا کر از سر نو تعمیر کے 341منصوبے شروع کیے گئے جن پر 90کروڑ 50لاکھ 70ہزار روپے خرچ کیے جا رہے ہیں . اسی طرح ڈیرہ غازیخان ، راجن پو ر، لیہ اور مظفرگڑھ اضلاع کے تعلیمی اداروں میں بجلی ، پانی ، چار دیواری اور بیت الخلاء سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کے 565منصوبوں پر 59 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے . ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے منتخب تعلیمی اداروں میں اعلی معیار کے اضافی کمروں کی تعمیر کے 36منصوبوں پر چھ کروڑ 18لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے . ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے ضلعی و تحصیل صدر ہسپتالوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے 12منصوبوں پر نو کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کی جا رہی ہے . ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن اظفرضیاء نے کہاکہ کمشنر محمد یثرب کی ہدایت پر ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے جس کیلئے متعلقہ افسران سے قریبی رابطہ رکھا جا رہا ہے . اس موقع پر متعلقہ افسران ہمراہ تھے .