لیہ(صبح پا کستان )حکومت پنجاب کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ اور معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعد د ترقیاتی منصوبوں پر کروڑوں روپے خرچ کررہی ہے تاکہ نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ تعلیمی سہولیات سے مستفید کیا جاسکے ۔یہ بات ایم پی اے چوہدری اشفاق احمد نے گورنمنٹ گرلز کامرس کالج لیہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔تقریب کا اہتمام پرنسپل اقبال بانو نے کالج کی طالبہ انشرح عثمان کی بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن پنجاب کے تحت ڈی کام کے امتحان میں پنجاب بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر کیا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپم پی اے چوہدری اشفاق احمد نے کہا کہ ضلع لیہ میں تعلیمی شعبہ کواولین ترجیحات کے طور پر زیادہ سے زیادہ فنڈز کی فراہمی کے ذریعے تعلیمی سہولیات کی فراہمی کا عمل جاری ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر الطاف حسین بھٹی نے کہا کہ ڈی جی خان ڈویثرن میں 65کالجز کام کررہے ہیں جن میں طالب علموں کو تمام ضروری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کا عمل جاری ہے اور 12نئے کالجز کی تعمیرکے منصوبوں پر کام کیاجارہاہے جس سے تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے میں نمایاں مدد ملے گی ۔انہوں نے گرلز کامرس کالج کی بہتر کارکردگی کو سہراہا۔ایم پی اے نے کالج کے لیے بلڈنگ کی تعمیر کے لیے فنڈز کی فراہمی کا اعلان کیا اور پنجاب بھر میں دوسری پوزیشن ہولڈر طالبہ انشرح عثمان کو اپنی طرف سے 50ہزار روپے نقدانعام دیا۔تقریب میں ڈی ڈی کالجزڈاکٹر ملک خادم حسین ،سابق ڈی ڈی کالجز حافظ محمد اسحاق ،اے ڈی کالجز ساجد حسین رونگھہ،اساتذہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔بعدازاں ایم پی اے و ڈائریکٹر کالجز ڈی جی خان نے انشرح عثمان و دیگر طالبات میں نقد انعاما ت و شیلڈز تقسیم کیے۔