ڈیرہ غازی خان (صبح پا کستان) 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلی منعقد کی جائے گی بھارتی مظالم کے خلاف پورے ملک کی طرح ڈیرہ غازی خان میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ڈیرہ غازی خان انجینئر سجاد بلوچ نے شیخ سعد فاروق اور شیخ عبدالستار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی عشروں پر محیط بھارتی جارحیت اقوام متحدہ کے لیے سوچنے کا مقام ہے لاکھوں معصوم کشمیریوں سے بنیادی انسانی حقوق چھیننے والا غاصب بھارتی درندہ غاصبانہ قبضہ جمائے ہوئے ہے ہزاروں مرد و خواتین بھارت کے عقوبت خانوں میں سزائیں بھگت رہے ہیں معصوم بچوں کو پلیٹ گن کے ذریعہ تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ہنستے بستے گھروں کو روندنے کا سلسلہ جاری ہے کہ ہمارے حکمرانوں اور عالمی اداروں کے لیے شرم کا مقام ہے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی جمعہ کے روز شہر کی تمام مساجد میں قرار دادیں پیش کریگی پورے شہر میں بینرز آویزاں کیے جائیں گے اور 5فروری کو ٹریفک چوک پر دن3بجے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اس موقع پر ضلعی میڈیا سیکرٹری چوہدری محمد طاہر ، وسیم شہزاد ، حکیم عمران روحانی ، حاجی اسماعیل ، چوہدری عرفان غفور ، عبدالخالق شہزاد ، ملک ناصر ارائیں ، مرزا عثمان خالد ، صہیب صدیقی کے علاوہ دیگر کارکنان بھی موجود تھے ۔