نقطہ نظر ۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
واہ ہم بھی غدار ہو گئے ؟
تحریر ۔۔ ملک ابوذر منجوٹھہ
آج سوشل میڈیا پر ملتان کے ایک مو قر اخبار میں اتنی بڑی خبر دیکھ کر ایک لمحہ کے لیے ایسے لگ رہا تھا کہ جیسے سارا وقت رُک سا گیا ہوخون کھول سا گیااسلام آباد کے سرد موسم میں بھی اُس ایک خبرکی وجہ سے موسم گرم سا محسوس ہونے لگا۔خبر پڑھ کر اس ملک سے محبت کرنے والے 6کروڑ سرائیکیوں کو ایک دفعہ تکلیف تو ہوئی ہو گی اور جو تکلیف مجھے ہوئی وہ آپ بھی یقینن محسوس کریں گے۔ جنوبی پنجاب کی سرائیکی صوبہ کی تحریکوں کے پس پردہ بھارتی ایجنٹ ؟ واہ واہ سادہ سا مطلب ہے جو سرائیکی صوبہ کی بات کرے جو وسیب واسیوں کے حق کی بات کرے گاجو اپنا حق مانگے گا وہ غدار کہلائے گا۔کچھ عرصہ پہلے میرا بہاولنگر کی تحصیل چشتیاں کی یونین کونسل گجیانی میں جانا ہوا ایک گاؤں میں اپنی ٹیموں کی مانیٹرنگ کے لیے گیا ہوا تھا؟ 2016 جب دنیا ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے چاند سے بھی آگے نکل چکی ہے ،چاند پر چھٹیاں منانے جیسے منصوبوں سمیت نئی سے نئے ایجادات ہو رہی ہیں وہیں پر ایسے گاؤں بھی موجود ہیں جہاں پر میں نے اپنی آنکھوں سے جو مناظر دیکھے تو دل خون کے آنسو روتا رہاجہاں ایک بہت بڑا تالاب تھا جہاں بارش کا پانی اور ایک نالہ کے ذریعے سے پانی اکھٹا ہوتا تھا اُس پانی میں سے سے کتے ،گدھے اور باقی مال مویشیوں کے ساتھ انسانوں کو بھی ساتھ پانی پیتے ہوئے دیکھا۔میں اُس گاؤں میں تالاب دیکھ رہا تھا جس میں پانی پر ایک سبز رنگ کی تہہ تھی وہ جگہ تھوڑی تھوڑی سی گہری تھی اُس وقت تک مجھے نہیں پتہ تھا کہ یہ پینے کے پانی کی جگہ ہو گی میں نے محسوس کیا کہ اُس پانی میں کچھ ہلچل ہو رہی ہے آگے گیا تو ایک ماں جی جن کی جسمانی حالت ایسی تھی کہ لگتا تھا اُنہوں نے ایک ہفتہ سے کچھ کھایا ہی نا ہو نزدیک ہو کر میں نے پکارا ۔۔اماں جی ۔اُنہوں نے دو مٹکے اُٹھائے ہوئے تھے وہ پانی سے بھرے تھے میں نے پوچھا اماں آپ یہاں سے پانی بھر رہی تھیں ؟۔انہوں نے کہا جی بیٹا میرا پھٹی پھٹی نظروں سے دوسرا سوال تھا کیا یہ پانی پینے کے لیے ہے؟ماں جی کہ آنکھوں میں جو درد تھا وہ آج بھی مجھے یاد آتا ہے تو ایک لمحہ کے لیے میرا گلہ خشک ہونا شروع ہو جاتا ہے اور سانس رکنے سا لگتا ہے۔انہوں نے اپنے مٹکے ابھی اُٹھائے ہوئے تھے میرے سوال کو سن کر انہوں نے مٹکے زمین پر رکھ دیے اور میری طرف متوجہ ہوئیں اور جواب دینے کی بجائے سر ہلا کر ہاں میں جواب دیاں اور بتانا شروع کیا کہ کیسے پانی اس نالے سے ہو کر آتا ہے اور اس تالاب میں اکھٹا ہوتا ہے اور مجھے نزدیک سے اُس پانی کو دیکھنے کا کہا اور ساتھ ساتھ اُس علاقے کے لوگوں اور جانوروں کی صحت کے بارے میں بتاتی گئیں میں نے اُس پانی کو نزدیک سے دیکھا تو چھوٹے چھوٹے مینڈک کے بچے اُس پانی میں مجھے صاف نظر آرہے تھے اُ س پورے پانی پر سبز کلر کی پوری ایک تہہ چڑھی ہوئی تھی جس پر مچھر ، اور کافی سارے حشرات نظر آرہے تھے وہ بناتی جا رہی تھیں کہ کیسے وہ دونوں ہاتھوں سے اس سبز تہہ کو سائیڈ پر کرتی ہیں اور دونوں ہاتھوں سے پانی بھر کو اپنے مٹکوں میں بھرتی ہیں اپنی بیماریوں اپنے بچوں کو ہونے والی بیماریوں کے متعلق بتا رہیں تھیں میں ایک لمحہ رُکا اور کہا کہ کیا اماں جی میں آپ کی ویڈیو بنا لو آپ کی یہ بات پوری دنیا کو بتا سکوں اماں جی نے کہابیٹا میں غریب بندی ہوں مجھے یہ دنیا جینے نہیں دے گی میری ویڈیو نہ بناؤ باقی جو حالت ہے تمہارے سامنے ہے اس پورے گاؤں میں کوئی صحت مند نہیں ملے گانہ کوئی انسان نہ کوئی جانور۔اماں جی نے غم زدہ آنکھوں کے ساتھ اجازت چاہی سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے اور دعائیں دیتی چلی گئیں۔ اب جو میں یہ باتیں لکھ رہا ہوں تو مجھے لگ رہا ہے کہ وہ اماں جی بہت بڑی غدار تھیں شاید۔یہ خبر ایک اور وجہ سے بھی بہت زیادہ اہمیت رکھتی کہ وزیراعظم تخت لاہور کے امیر مومنین میٹرو کے افتتاح کے لیے ملتان تشریف لا رہے تھے یہ خبر لگنے سے اب اُس اخبار کو نظرانہ توضرور ملے گااشتہارات کی صورت میں ۔بحر حال جس کو جو ملے نشتر ہسپتال میں ایک ہی بیڈ پر چارچار مریضوں نے لیٹے لیٹے اگر کچھ غلط سوچا ہو گا تووہ غدار ہیں ۔لیہ میں زہریلی مٹھائی کھا کر مرنے والے سے معذرت یہ سوال نہ کیجیے گا کہ ان کا قتل کس کے سر ہے کس نے ایسے ہسپتال نہ بنائے تھے کہ جس میں ان کا بروقت علاج ہو سکتا ۔اگر کسی نے یہ سوال کیا تو بھائی وہ غدار ہے ۔وہ بچے جو لودھراں میں ریلوے کی زد میں آ کر مر گئے اگر ان کے گھر والوں نے کوئی جواب مانگنا چاہا تو وہ غدار ہیں ۔خیر وسیب میں غربت اور افلاس سے مرنے والے کسی مزدور کے بچوں کو یہ حق نہیں کہ وہ سوال کر سکیں ورنہ وہ غدار ہوں گے۔کوئی نہیں کہے گا کہ ہمارے بچوں کو تعلیم دو ، صحت دو ، روزگار دو ورنہ تم غدار ہو جاؤ گے۔چُپ کرو میٹرو مل گئی ہے 20روپیے میں موجیں مارو بس اپنا حق نہ مانگنا ورنہ یہ غداری ہو گی۔ 6کروڑ کی آبادی والے اس ملک سے محبت کرنے والے اگر اپنے لیے صوبہ اور شناخت مانگیں تووہ غدار ہوں گے؟ چلو ہم بھی غدار ہو گئے ۔۔
………………
نوٹ ۔۔ نقطہ نظر کے تحت شا ئع ہو نے والی تحریروں سے ادارہ کا متفق ہو نا ضروری نہیں