ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان ).ٹرائیبل ایریا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی سٹیئرنگ کمیٹی نے ڈیرہ غازیخان اور راجن پور اضلاع کیلئے 44نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی ہے . منظور ہونے والے منصوبوں میں منی ڈیم سمیت پروٹیکشن بند ، گہرے کنووں کی کھدائی اورفراہمی و نکاسی آب اور سولر سسٹم کی تقسیم شامل ہیں. ان منصوبوں پر مجموعی طو رپر تین کروڑ 40لاکھ روپے خرچ ہوں گے اس کے علاوہ دونوں اضلاع کی دس یونین کونسلوں کی عوام میں 50واٹ کے 5192سولر سسٹم بھی تقسیم کیے جائیں گے . اس بات کا فیصلہ اس سلسلے میں ہونے والے اجلاس میں کیاگیا جس کی صدارت ٹی اے ڈی پی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر طاہر خورشید نے کی . اجلاس میں چیف ریجنل پلاننگ پی اینڈ ڈی پنجاب یاسر مبین ، پولیٹیکل اسسٹنٹ ڈیرہ غازیخان بابر بشیر ، کمیونٹی ڈویلپمنٹ سپیشلسٹ آفتاب احمد ملک ، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر عاطف حسیب ، دفعدار بی ایم پی شیر افگن گورچانی ، پروگرام کوآرڈینیٹر این آر ایس پی امجد حسین ، ایس پی او قادر بخش ، ایکسیئن ٹی اے ڈی پی اشفاق احمد ، ریسرچ آفیسر یاسر بھٹی اور پروگرام آفیسر عدنان حسین کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی . پراجیکٹ ڈائریکٹر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف قبائلی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ ان علاقوں کے عوام کو بھی میدانی علاقوں کے ہم پلہ سہولیات حاصل ہوسکیں .اس مقصد کیلئے حکومت پنجاب نے ٹی اے ڈی پی کے مختص فنڈز میں اضافہ کر کے اس کا حجم پانچ ارب روپے تک بڑھا دیاہے . انہوں نے کہاکہ دونوں اضلاع میں منصوبوں کی ماسٹر پلاننگ کیلئے غیر ملکی ماہر انجینئروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں. انہوں نے کہاکہ ڈیرہ غازیخان و راجن پور اضلاع کی سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مختلف ٹریڈمیں 100خواتین کو پہلے مرحلے میں تربیت دی گئی ہے اور دوسرے مرحلے میں مزید 100خواتین کو تربیت دے کر انہیں معاشی طو رپر خودکفیل بنایا جائے گا. انہوں نے بتایاکہ ڈیرہ غازیخان او رراجن پور میں تمام جیپ ایبل ٹریکس کو میٹل روڈ میں تبدیل کیاجائے گا جس کیلئے سروے کے بعد پی سی ون مکمل کر کے حکومت کو ارسال کر دیاگیاہے . انہوں نے بتایاکہ حکومت پنجاب قبائلی علاقہ کو سولر سسٹم کے ذریعے روشن کرنے کے پروگرام پر عمل پیرا ہے اس مقصد کیلئے دونوں اضلاع کے قبائلی کی عوام کو 50واٹ کے5192سولر سسٹم تقسیم کیے جائیں گے جس پر دو کروڑ 20لاکھ روپے خرچ ہوں گے . اجلاس میں قبائلی علاقوں میں جاری ترقیاتی سکیموں پر ہونے والے کام کی رفتار کا تفصیلی جائزہ لیاگیا . بتایاگیاکہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی 237سکیموں میں سے 118مکمل ہو چکی ہیں . اسی طرح سات میٹل روڈ ز میں سے چار سڑکیں مکمل ہو چکی ہیں باقی تین جون 2017تک مکمل کر لی جائیں گی جن پر اب تک ایک ارب 14کروڑ 80لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں اسی طرح دونوں اضلاع کیلئے منظور ہونے والی چار نئی پختہ سڑکیں سیمنٹ فیکٹری تا زندہ پیر ، دلانہ تا لاکھا ، ماڑی تا چھمبری ، ہڑند تا سخی بھو ربخش پرکام شروع کر دیاگیاہے جن پر مجموعی طو رپر 55کروڑ 48لاکھ 60ہزار روپے خرچ ہو ں گے . ٹی اے ڈی پی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے افسروں کو زیر تکمیل منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی
.