راجن پور( صبح پا کستان )کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد یثرب نے کہا ہے کہ گورنمنٹ کی ریکوری کو بلا امتیاز سو فیصد یقینی بنائیں ۔سابقہ ریکارڈ مکمل کریں ۔تمام اسسٹنٹ کمشنر ز بقیہ مواضعات کی اراضی کو فوری طور پر کمپوٹرائزڈ کرائیں جو پٹواری کام نہ کرے اسے فارغ کر دیا جائے۔مردم شماری شروع ہونے سے پہلے تمام انتظامات مکمل ہونے چاہیں ۔مردم شماری کے دوران کوئی بھی تعلیمی ادارہ بند نہیں ہونا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع راجن پور کے ڈی سی کمپلیکس میں محکمہ مال ، کمپوٹرائزڈلینڈ ریکارڈاور مردم شماری کے انتظامات اور کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجن پور اشفاق احمد ،اے ڈی سی جی ،اے ڈی سی طارق نیازی،اے سی جی ڈیرہ ، اسسٹنٹ کمشنر ز شاہد محبوب،عبدالطیف، کمانڈنٹ بی ایم پی عمران منیر، جی اے آر کامران بخاری،تحصیل داروں اور نائب تحصیلداروں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد نے بتایا کہ ضلع راجن پور کے 534مواضعات میں سے 523مواضعات مکمل ہو چکے ہیں۔491مواضعات لینڈ ریکارڈ کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مردم شماری 15مارچ سے شروع ہو گی اس میں 1461بلاک بنائے گئے ہیں ۔بعد ازاں کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد یثرب نے ڈی سی کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا ،ایمر جنسی وارڈ میں موجود مریضوں کی خیریت دریافت کی اور فری ادویات کے بارے میں پوچھا۔کمشنر نے ہسپتال میں نئی تعمیر ہونے والے کارڈیالوجی سینٹر کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ اس کی تعمیر کو بہت جلد مکمل کیا جائے تاکہ اس علاقے کے دل کے مریضوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔اس موقع پر سی ای او ڈاکٹر فیاض لغاری،ایم ایس ڈاکٹر عبد الرحمان قریشی بھی موجود تھے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ لوگوں کو ہسپتال میں فری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور ہسپتال کی صفائی کو مزید بہتر بنایا جائے۔کمشنر نے ہسپتال میں بلڈ بنک اور کڈنی سینٹر کا بھی معائنہ کیا اور بلڈ بنک کے ڈونر ز لسٹ سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کر کے ڈونر کی تصدیق کی۔