راجن پور( صبح پا کستان )میونسپل کمیٹی راجن پور کا پہلے بجٹ اجلاس میں 6کروڑ 36لاکھ 86ہزار 8سو روپے کا چھ ماہ کا بجٹ منظور کر لیا گیا ۔اجلاس کی صدارت کنوینئر /وائس چیئر مین چوہدری نعیم ثاقب نے کی ۔اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی کنور کمال اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سترہ سال بعد میونسپل کمیٹی راجن پور کا قیام شروع ہوا ہے ۔اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کا عمل پنجاب حکومت کی عوام دوستی کا ثبوت ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر اس میونسپل کمیٹی کو ضلع کی بلکہ پنجاب کی مثالی میونسپل کمیٹی بنائیں گے۔ہمارا مقصد عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنا ہے ۔آپ سب کے تعاون سے یہ خدمت کا جذبہ جاری رکھیں گے ۔کنوینئر /وائس چیئر مین چوہدری نعیم ثاقب نے بتایا کہ شہر کی صفائی گلیوں اور سڑکوں کی مرمتی ،پارکس اور اسٹیڈیم ،سٹریٹ لائٹ جیسے مسائل درپیش ہیں ان کو ہم سب مل کر انشاء اللہ حل کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ ترقیاتی کاموں کے لئے 72لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ملازمین کی تنخواہیں اور غیر ترقیاتی کاموں کے لئے 1کروڑ 12لاکھ 8ہزار 5سو روپے رکھے گئے ہیں۔آخر میں علاقائی ترقی اور ملکی سلامتی کے لئے دعا کی گئی۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے شروع ہوا۔اجلاس میں میونسپل کمیٹی کے جنرل کونسلرز ،معززین شہر اور افسران نے شرکت کی۔