لیہ(صبح پا کستان) تحریک انصاف ضلع لیہ کے ہزاروں کارکنان اسلام آباد دھرنے میں شریک ہو کر کرپشن کے خلاف جہاد کریں گے ، کارکنان عمران خان کی کال پر اسلام آباد بند کر نے کے لئے ہر وقت تیار ہیں ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر سردار بہاد ر خان سیہڑ نے لیہ میں منعقدہ پی ٹی آئی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کاکہنا تھا کہ عمران خان نے کرپشن کے خلاف جس تحریک کا آغاز کیا ہے اس میں بھر پور ساتھ دیتے ہوئے مقررہ تاریخ کو ہر حال میں پہنچیں گے ۔ ضلعی صدر پی ٹی آئی چوہدری بشارت رندھاوا نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لیہ کے ٹائیگر کرپٹ حکمرانوں کے خلاف دھرنے میں شرکت کر کے ملک سے محبت کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کارکنان سے اپیل کی کہ کرپشن کے خلاف جنگ میں عمران خان کے ساتھ اپنے دوستوں کے ہمراہ شریک ہوں ۔ پی ٹی آئی اجلاس سے سابق ایم این اے ملک نیاز احمد جکھڑ، ضلعی صدر انصاف لیبر ونگ سید جان خان ، سٹی صدر پی ٹی آئی محمد اختردھول ، زاہد خان نے بھی خطاب کیا۔ پی ٹی آئی اجلاس میں ضلع بھر سے کارکنان اور عہدیداران نے شرکت کی۔