پی آئی اے نجکاری کے خلا ف پی آئی اے یونین اور انجمن تاجران کینٹ کا احتجاجی مظا ہرہ
ملتان(صبح پا کستان ) انجمن تاجران کینٹ کے تاجر رہنما غضنفر ملک ، چوہدری محمود علی، کلب عابد خان، خواجہ معظم وحید اور رانا مبشر رئیس نے اظہار یکجہتی کیلئے پی آئی اے نجکاری کیخلاف پی آئی اے آفس میں پی آئی اے یونین کے عہدیداران کے ساتھ مل کر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔اس موقع پر اعادہ کیا کہ ہم پی آئی اے کی نجکاری کو مسترد کرتے ہیں ۔احتجاجی مظاہرے سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہم قومی اداروں میں سیاسی مداخلت اور من پسند پالیسیوں کے نفاذ کی وجہ سے اداروں کی کارکردگی متاثر ہوئی ہے سیاسی بنیادوں پر چہیتوں کی تعیناتیاں اور نوازنے کے انداز نے نظام کو درہم برہم کرکے رکھ دیا ہے اور کرپشن کو تقویت ملی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ واپڈا اور پی آئی اے جیسے اہم اداروں کی نجکاری کی آڑ میں ملکی خسارے میں اضافہ ہوگا اور ہزاروں خاندان معاشی بدحالی سے دوچار ہونگے۔عالمی مالیاتی ادارے پاکستانی معاشی اقتصادی نظام کو مفلوج کرنے کیلئے حکومت کو عوام پشت پالیسیوں پر عملدرآمد کیلئے مجبور کررہے ہیں۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمود علی نے کہا حکومت ہوش کے ناخن لے اور واپڈا پی آئی اے کی نجکاری کی بجائے اداروں کو فعال اور منافع بخش بنانے کیلئے اقدامات کرے۔ کراچی میں پی آئی اے ملازمین کے ساتھ سوتیلی ماں جیسے سلوک کی مذمت کرتے ہیں۔،کلب عابد خان کاکہنا تھا کہ پی آئی اے نجکاری کیخلاف اگر دوکانیں بند کرکے احتجاج بھی کرنا پڑا تو ہم اس سے دریغ نہیں کرینگے۔اس موقع پر پی آئی اے یونین کے عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔