کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد کی زیر صدارت کورہیڈکوارٹرز میں آرمی و سول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کا اجلاس
ملتان (صبح پا کستان ) کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد کی زیر صدارت کورہیڈکوارٹرز میں آرمی و سول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کا اجلاس منعقد ہو جس میں مجموعی طور پر موجودہ سیکورٹی صورت حال کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس کے شرکاء نے اپنے متعلقہ محکموں کی جانب سے کیے جانے والے ممکنہ اقدامات کے حوالے سے مکمل بریفنگ بھی دی ۔
لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد نے مجموعی طور پر سیکورٹی صورت حال کی بہتری کیلئے ضروری ہدایات دیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی ہم آہنگی اور کامیابی کے تسلسل پر زور دیا۔ کور کمانڈر نے انٹیلی جنس اداروں کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید بہتری کے لیے کہا۔
اجلاس میں ملتان، ساہیوال، ڈی جی خان کے اضلاع میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکورٹی اور حفاظتی اقدامات پر خصوصی بات چیت بھی کی گئی جب کہ مجموعی سطح پر نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ کے حوالے سے بھی جائزہ لیا گیا۔ مزید برآں کور کمانڈر نے ڈی جی خان اور گرد و نواح میں مجموعی سیکورٹی صورت حال کے لیے اقدامات کا بھی کہا۔
اجلاس کے دوران پاک فوج کی طرف سے مکمل یقین دہانی کرائی گئی کہ جب بھی سول انتظامیہ کو فوج کی مدد کی ضرورت پڑے گی پاک فوج کے افسران اور جوان محنت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کا ر لا کر سول انتظامیہ کی بھرپور مدد بھی کریں گے۔
اجلاس میں اعلیٰ فوجی حکام کے علاوہ کمشنر ملتان، کمشنر ڈی جی خان، کمشنر ساہیوال، آر پی او ملتان،آر پی او ساہیوال، ڈائریکٹر سپیشل برانچ اور ڈائریکٹر آئی بی کے عہدیداران اور نمائندگان نے شرکت کی۔