لیہ(صبح پا کستان)صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ مہر اعجاز احمد اچلانہ کا دریائی کٹاو سے متاثرہ علاقے بکھری احمد خان و لولانچ نشیب کا دورہ ،280متاثرین میں خیمے و فوڈ ہیمپرتقسیم ،بکھری احمد خان پر جاری حفاظتی بند کی تعمیر کا معائنہ ۔دورہ کے موقع پر ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے مزمل بشیر ،ایکسین انہار مہر ریاض حسین ،اے ڈی سی نعیم اللہ بھٹی،اے سی لیہ حافظ محمد سلیمان ،سردار حسیب خان گرمانی ،میاں عبدالستار ،ڈاکٹر مزمل کریم ،عابد فاروقی ،عتیق احمد ،معززین علاقہ و متاثرین کی کثیر تعداد موجود تھی۔صوبائی وزیر نے اس موقع پرخطاب کرتے ہوے کہاکہ دریائی کٹاو کو روکنے کے لیے ماڈل سٹڈی کے تحت تجویز کردہ پروگرام پر عمل درآمد کو یقینی بنایاجاے گا۔انہوں نے مزید کہا قدرتی آفات کا مقابلہ تو نہیں کیا جاسکتاتاہم پنجاب حکومت نقصان کو کم کرنے اور متاثرین کی مکمل بحالی کے لیے تمام وسائل برو ے کار لارہی ہیں اور نشیبی علاقوں میں دریائی کٹاو سے متاثرہ خاندانوں کو مکمل ریلیف فراہم کیا جائے گااور ان کی مکمل بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات عمل میں لائے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وہ علاقے میں منسٹر نہیں بلکہ خادم بن کر آئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا نہ صرف صوبہ پنجاب بلکہ پاکستان بھر میں کسی بھی ممکنہ قدرتی آفت کی صورت میں حکومت پنجاب کی طرف سے متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے وسائل استعمال کرتے ہوئے ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔انہوں نے گزشتہ روز طیارہ حادثہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں صوبے بھر کے ڈی سی اوز کو متاثرہ خاندانوں کے لواحقین سے اظہار افسوس او ر ہرممکن تعاون کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔بعدازاں صوبائی وزیر نے بکھری احمد خان میں دریائی کٹاو سے متاثرہ ایک سو ،جبکہ لوہانچ نشیب میں 180خاندانوں میں خیمے اور فوڈ ہیمپر تقسیم کیے اور لوہانچ نشیب میں امدادی سرگرمیوں کے لیے ایک بوٹ بھی فراہم کی گئی ہے۔