بھاگل نہر میں تیس فٹ چوڑ ا شگاف ، سینکڑوں ایکٹر اراضی زیر آب
لیہ(صبح پا کستان)بھاگل نہر میں تیس فٹ چوڑ ا شگاف پڑنے سے سینکڑوں ایکٹر اراضی زیر آب آگئی، متعدد مکانوں کو نقصان پہنچنے سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا، 12گھنٹے گزرنے کے بعد بھی شگاف پر نہ کیا جا سکا۔ محکمہ انہار کی سستی و نااہلی کے خلاف علاقہ مکینوں کا شدید احتجاج ۔پیر جگی شریف کے نواحی چک نمبر 171ٹی ڈی اے میں بھاگل نہر میں تیس فٹ چوڑ ا شگاف پڑنے سے ہر طرف پانی ہی پانی پھیل گیا جس سے سینکڑوں ایکٹر اراضی زیر آب آگئی جس سے گندم ، سورج مکھی سمیت دیگر کاشت کی گئی اجناس کو شدید نقصان پہنچا جس سے کاشتکاروں کو لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانے پڑے گا۔ بھاگل نہر لیہ کی اے کیٹگری نہر میں شامل ہے جس سے ہزاروں ایکٹر اراضی سیراب کی جاتی ہے جس میں پڑنے والے شگاف کے باعث مکینوں کے گھروں میں بھی پانی داخل ہو گیا جس سے مکینوں کو سامان گھر وں سے بے دخل کرنا پڑا۔ گھر کے مکین بے یارو مدد گار نہر کے پانی کو گھروں میں داخل ہونے سے روکنے کے لئے گھروں کے آگے بند باندھتے رہے ۔ نہر ٹوٹنے کی اطلاع پر محکمہ آبپاشی کا عملہ موقع پر پہنچا مگر اہل علاقہ کو خود شگاف پر کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے چلے گئے جس پر مکینوں نے شدید غصے کا اظہار کیا۔مکین نہر میں پڑنے والے شگاف کو پرکرنے کے لئے اپنی مدد آپ کے تحت ٹریکٹروں کی مدد سے کوششیں کرتے رہے مگر 12 گھنٹوں کی کوششوں کے باوجود شگاف پر نا کیا جاسکا۔ علاقہ مکینوں نے محکمہ انہار کے افسران کی ناا ہلی و سستی کے خلاف شدیدا حتجاج کرتے ہوئے کہہ محکمہ کے اہلکار و افسران گھروں میں بیٹھ کر حکومتی خزانے کو لوٹ رہے ہیں جبکہ نہروں کی بھل صفائی نہ ہونے اور پشتوں کو مضبوط نہ کرنے سے نہروں میں شگاف پڑ جاتے ہیں جس سے ان کو لاکھوں روپے کی فصلات کا نقصان جبکہ تاوان کی مدد میں لاکھوں روپے جرمانے ہو تے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلی پنجاب ، وزیر آبپاشی سے محکمہ انہار لیہ کے افسران کے خلاف فرائض میں کوتاہی برتنے پر نوٹس لینے اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
رپورٹ ۔ مہر سرفراز واندر پریس رپورٹر