بلدیاتی الیکشن ، 120دن گزرگئے، نہ ضلعی حکومتیں نہ اختیار ات
لیہ(صبح پا کستان)تیسرے مرحلہ کے بلدیاتی الیکشن کو منعقد ہوئے آج چار ماہ مکمل ہو جائیں گے نہ ضلعی حکومتیں بنیں، نہ بلدیاتی نمائندوں کو اختیار ات ملے اور نہ ہی نئی بننے والے یونین کونسلوں کی عمارت کے لئے کام کا آغاز ہوسکا، بلدیاتی نمائندوں، ووٹرز میں بے چینی بڑھ گئی،بلدیاتی نمائندوں کا فوری مقامی حکومتوں کے قیام کا مطالبہ۔ 5دسمبر 2015کو پنجاب میں ہونے والے تیسرے مرحلے میں ضلع لیہ میں الیکشن کا انعقاد ہو ا۔ الیکشن منعقد ہوئے آج چار ماہ کا عرصہ مکمل ہو جائے گا ۔ 120دن گزرنے کے باوجود تاحال صوبائی حکومتوں نے ضلعی حکومتوں کے قیام کے لئے نہ تو کسی قسم کے اقدامات کئے ہیں اور نہ ہی بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دینے کے لئے کسی قسم کی قانون سازی ہو سکی ہے۔ ضلع لیہ میں یونین کونسلوں کی تعداد بڑھا کر 48کی گئی مگر نئی بننے والی یونین کونسلوں کی عمارت، دفاتر کے لئے آج تک کوئی اقدامات نہ کئے جا سکے، یونین کونسل سونہارا وساوا، کوٹ سلطان رورل سمیت دیگر دو یونین کونسلوں کی بلڈنگ تک نہیں بن سکی جس سے بلدیاتی نمائندوں، ووٹرز میں سخت مایوسی
پائی جاتی ہے۔ نو منتخب بلدیاتی نمائندوں لیگی چیئر مین یونین کونسل جمن شاہ مہر احمد حسن کلاسرہ، چیئر مین یوسی سرشتہ تھل مہر ریا ض علی میلوانہ ، مہر سعید احمد اچلانہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مقامی حکومتیں نہ بننے سے عوام کی امیدوں پر پورا اترنے ان کے مسائل کے حل میں معاون ثابت ہونے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ فوری ضلعی حکومتوں کے قیام اور اختیار ا ت کی منتقل کئے جائیں۔ لیگی یوسی چیئر مین سونہار ا وساوا مجید سوئیہ نے کہاکہ اختیارا ت منتقل نہ ہونے کے باوجود اپنی جیب سے عوام کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہوں انہوں نے کہاکہ اگر ایک سا ل تک حکومتیں نہ بنیں تو پھر جیب سے نہ لگا سکیں گے۔ تحریک انصاف کے وائس چیئر مین یوسی لدھانہ مہر ظفر اقبال ہموانہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میاں برادران صوبائی و وفاقی حکومتوں کی طرح ضلعی حکومتوں کو بھی ناکام بنانے کے لئے تلے ہوئے ہیں اور مقامی حکومتوں کا قیام نہ ہونے سے بلدیاتی نمائندوں اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کونسلر ز مہر ظفرا قبال واندر، محمد اکرم خان دستی، شاہد اقبال آرائیں و دیگر نے بھی مقامی حکومتوں کے جلد از جلد قیام کا مطالبہ کیا۔
رپورٹ ۔ مہر زاہد سرفراز واندر پریس رپورٹر