لیہ(صبح پا کستان) میونسپل کمیٹی لیہ نے متوقع آمدنی 10 کروڑ 94لاکھ روپے جبکہ اخراجات 10کروڑ 37لاکھ 42ہزار روپے کا ششماہی فاضل بجٹ منظور کیا گیا ۔بجٹ کی منظوری کنونیئر ایم سی وائس چیئرمین سید گلزار حسین شاہ بخاری کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں چیئرمین حافظ محمد جمیل کے بجٹ پیش کرنے پر دی گئی۔اجلاس میں بجٹ پیش کرتے ہوئے حافظ محمد جمیل نے کہا کہ ششماہی ایکس فری فاضل بجٹ کے تمام تخمینہ جات متوقع آمدنی کی صورت میں لگائے گئے ہیں اور 76لاکھ 68ہزار ماہا نہ قسط کی صورت میں پی ایف سی ایوارڈ سے فنڈز کی وصولی کے بعد ہاوس کے تمام ممبران کی یکساں تجاویز پر ترقیاتی منصوبے ،صحت وصفائی ،میعاری میونسپل سروسزکی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام توانائیاں صرف کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ متوقع آمدنی بقایا ٹرانزنشنل رقم 1کروڑ 10لاکھ روپے ،پی ایف سی گرانٹ 6کروڑ 54لاکھ روپے ،گورنمنٹ ترقیاتی گرانٹ 76لاکھ 68ہزار روپے ،لوکل ٹیکسز 2کروڑ 53لاکھ 32ہزار روپے ششماہی متوقع آمدنی، جبکہ متوقع اخراجات میں 394ملازمین کی تنخوائیں و نان سیلری اخراجات کی صورت میں 10کروڑ 37لاکھ 43ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔میونسپل کمیٹی میعاری سروسز کی فراہمی کے لیے صحت وصفائی کے لیے پی او ایل کی مد میں 50لاکھ روپے ،مشینری مرمت و دیکھ بھال پر10لاکھ روپے ،مرمت ڈسپوزل ورکس 2لاکھ روپے ،بل بجلی سٹریٹ لائٹس پر پچاس لاکھ روپے ،بحالی وبہتری سٹریٹ لائٹس پر 5لاکھ روپے واٹر سپلائی کے لیے15لاکھ روپے ،ڈسپوزل ورکس پر 30لاکھ روپے،نوجوان نسل میں سپورٹس سرگرمیوں کواُجاگر کرنے، ثقافتی پروگرام ویوتھ فیسٹول پر 12لاکھ روپے اور دوران ملازمت وفات پاجانے والے میونسپل کمیٹی کے ملازمین کے ورثا کی مالی معاونت کے لیے 16لاکھ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔قبل ازیں اجلاس عام میں میونسپل کمیٹی کے بائی لاز کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں عابدانوار علوی ،افضال احمد ،محمد رضوان خان،خالد اقبال ،محمد تسلیم خان،کامران احمد روحانی ،اظہر حسین چانڈیہ ،اظہر خان ہانس نے مختلف تجاویز پیش کیں اور بحث میں حصہ لیا۔