لیہ ۔ڈیرہ غازیخان ۔راجن پور(صبح پا کستان) پاکستان میں ہو نے والی چٹھی مردم شماری پنجاب کے پہلے مرحلے میں دیگر16 اضلاع کی طرح ضلع لیہ سمیت ڈیرہ غازیخا ن اور راجن پور کے اضلاع میں بھی چھٹی خانہ ومردم شماری شروع ہوگئی ہے ۔
حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں خانہ و مردم شماری کا آغاز کر دیاگیا ہے. کمشنر اللہ رکھا انجم نے گھر پر جا کر پہلا اندراج کرتے ہوئے مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا . اس موقع پر بریگیڈیئر سجاد ، آر پی او رحمت اللہ نیازی ، ڈی پی او چودھری سجاد حسین گجر ، اسسٹنٹ کمشنر جنرل محمد اسد ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہرحسین چانڈیہ ، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر شماریات اخلاق احمد ، اسسٹنٹ کمشنر صدر اصغر مجید بلوچ سمیت دیگر متعلقہ افسران ہمراہ تھے . میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کمشنر نے کہاکہ ملک و قوم کی سلامتی کی دعا کے ساتھ خانہ و مردم شماری کا آغاز کر دیاگیا ہے. ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے 2972مواضعات کو 849بلاکس ، 1146سرکلز میں تقسیم کر کے 5533افرادی قوت فراہم کر دی گئی ہے جن میں 4249شمارکنندگان اور 138چارج سپرنٹنڈنٹس شامل ہیں . ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں 418حساس اور 132انتہائی حساس مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے . ڈویژن بھر میں اہم مقامات پر چیک پوسٹس فعال کرنے کے ساتھ ساتھ خارجی و داخلی مقامات پر خفیہ کیمروں کے ذریعے نقل و حرکت کو مانیٹر کیا جائے گا. ڈویژن ، ضلع اور تحصیل سطح پر کنٹرول رومز قائم کر د یئے گئے ہیں . انہوں نے میڈیا کے ذریعے عوامی پیغام میں کہا کہ ٹیموں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے درست معلومات کے اندراج کیلئے کردارادا کیا جائے.
لیہ میں ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ اورکرنل اُسامہ نے مکانوں پرگھرانہ نمبراندارج کرکے مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر عابدکلیار،اسسٹنٹ کمشنر ہیومین ریسورس حافظ سلیمان ،آرمی افسران اور میڈیانمائندگان موجودتھے۔ڈپٹی کمشنر واجدعلی شاہ نے خانہ و مردم شماری کے حوالہ سے بنائے گئے بلاک نقشہ کا معائنہ کیا اور مہم کی تفصیلات جانیں۔انہوں نے ڈی پی ایس گرلز سکول کے عقب میں قائم کالونی کے مکان پر باقاعدہ گھرانہ نمبر درج کیا ۔آرمی آفیسر کرنل اُسامہ نے بھی مکان پر نمبر کا اندارج کرکے مہم میں حصہ لیا۔بعد ازاں میڈیانمائندگان سے گفتگوکرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ خانہ و مردم شماری ایک قومی فریضہ ہے اور اس کو احسن اندازمیں انجام دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سٹاف کو باقاعدہ ٹریننگ دی گئی ہے اور ان کے پک اینڈڈارپ کا بندوبست کیا گیاہے ۔انہوں نے کہاکہ مردم شماری میں حصہ لینے والی ٹیموں کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں ۔کرنل اُسامہ نے اس موقع پر بتایا کہ تمام ٹیموں کے ہمراہ پولیس اور ایلیٹ جوانوں کے علاوہ آرمی کے جوان بھی تعینات کیے گئے ہیں جو ہر سیکٹر میں سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے ۔
ڈپٹی کمشنر راجن پور اشفاق احمد نے چھٹی مردم شماری کا صبح آٹھ بجے آرمی کے جوانوں اور ٹیم کے ہمراہ اپنے ہاتھوں سے گھرانہ نمبر لکھ کر مردم شماری کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر اے سی راجن پور شاہد محبوب ،پولیٹیکل اسسٹنٹ عمران منیر،جی اے آر کامران بخاری اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنرنے بتایا کہ اس مردم شماری میں ضلع کے 1461بلاک بنائے گئے ہیں۔جن میں 226سرکل اور 524مواضعات شامل ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس مردم شماری میں ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اس قومی فریضہ میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے بتایا کہ اس مردم شماری میں 1435افراد پر مشتمل عملہ مردم شماری کے لئے فرائض سر انجام دے رہا ہے اور شمار کندہ ٹیم کے ہمراہ پاک فوج کے دو جوان ہوں گے ۔قبائلی علاقہ اور حساس مقامات پر بی ایم پی فورس اور پاک فوج کے دستے ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔یہ مردم شماری آج سے 13اپریل2017ء تک جاری رہے گی۔