لیہ(صبح پا کستان)میونسپل کمیٹی لیہ کا بجٹ الفاظ کا گورکھ دھندہ، مشکل حالات میں بہترین بجٹ پیش کیا گیا، ممبران کا ملے جلے رد عمل کا اظہار۔میونسپل کمیٹی لیہ کے پہلے مالیاتی بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے ممبران کمیٹی نے بجٹ پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ۔ سروے میں گفتگو کرتے ہوئے رہنمامسلم لیگ و ممبر کمیٹی اظہر خان ہانس نے کہاکہ پیش کیا جانے والا بجٹ لیہ کے لئے بارش کاپہلا قطر ہے، شہر کی ترقی کے لئے بہترین ثابت ہو گا۔ تسلیم خان ایڈووکیٹ نے کہاکہ کمیٹی کا بجٹ عوام کی فلاح و بہود کا کم جبکہ افسران کی خوشامد کا بجٹ ہے، اظہر خان چانڈیہ نے بجٹ کو مایوس کن قراردیتے ہوئے کہاکہ افسر شاہی کے اخراجات کے لئے بجٹ منظور کیاگیا، پی ٹی آئی ممبر عظیم الحق ہانس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چیئر مین نے بہتر ین حکمت عملی کے ذریعے مشکل حالات میں شاندار بجٹ پیش کیا گیا۔جماعت اسلامی ممبر رضوان خان نے کہاکہ بجٹ کاغذی کارروائی ہے جس میں شہر کی ترقی کے لئے کچھ نہیں رکھا گیا ،سابق ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ ن و ممبر کمیٹی عابد انوار علوی نے کہاکہ بجٹ مایوس کن ہے، بلدیاتی اداروں کے مقامی ذرائع آمدن ختم کر دیئے ہیں، گورنمنٹ بلدیاتی اداروں کی بہتری نہیں چاہتی ، انہوں نے کہاکہ بجٹ میں ترقیاتی فنڈز نہ ہونے کے باعث ہم آئندہ چھ ماہ کے دوران شہر کی ترقی کے لئے کچھ نہیں کر سکیں گے۔ ممبر میونسپل کمیٹی ساجد محمود جھارا نے بجٹ کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہاکہ چیئر مین نے بہترین بجٹ پیش کر کے ثابت کیا کہ شہر کی ترقی کے دروازے کھل چکے ہیں۔