لیہ(صبح پا کستان) ضلع بھر میں ڈائریکٹر فوڈ کی سربراہی میں انسداد ملاوٹ مہم منظم بنیادوں پر جاری ہے جس کے دوران رواں ماہ میں 32انسپکشن کر کے 11سمپل حاصل کیے گئے اور 38کلوگرام مضر صحت اشیاء تلف کرنے کے علاوہ 3دوکانداروں کے خلاف مقدمات درج کرا کے گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔یہ بات ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر نعیم اللہ بھٹی کی صدارت میں انسداد ملاوٹ مہم کے جائزہ اجلاس میں بتائی گئی ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں فوڈ انسپکٹرز ،ہوٹلز ،بیکریوں ،کھانے پینے کی اشیاء تیار کرنے والے کارخانوں ،میڈیکل سٹورز، کھاد و زرعی ادویات ڈیلرز کی دوکانوں ،سبزی منڈیوں ،کریانہ سٹور ز ،فلور ملزکا معائنہ کر رہے ہیں اور اشیاء ضروریہ کے سمپل حاصل کرکے تجزیہ کے لیے لیبارٹری بھجوائے جارہے ہیں۔اورسمپل فیل آنے کی صورت میں متعلقہ دوکانداروں کے خلاف مقدمات درج کرانے کا عمل بھی جاری ہے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ا ے ڈی سی نے کہاکہ انسداد ملاوٹ مہم کو کام یاب بنانے کے لیے سرکاری اداروں کی اطلاعات کے ساتھ ساتھ شہری بھی ناقص و غیر معیاری اشیاء کے بارے میں اطلاع دے سکتے ہیں۔جس کے لیے اُن کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔