محکمہ انہار کی ناقص کارکردگی کے خلاف کسانوں کا احتجاج
لیہ(صبح پاکستان)محکمہ انہار کی ناقص کارکردگی، نہروں کی بھل صفائی نہ ہونے، نہروں میں محکمہ انہار کے افسران کی ملی بھگت سے ٹھوکر بنانے کے خلاف لدھانہ کے کاشتکاروں نے لیہ روڈ بلاک کر شدید احتجاج کیا۔ کسانوں کے احتجاج کے باعث گھنٹوں سٹرک بلا ک رہی جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ کریم مائنر کی اپنی مدد آپ کے تحت بھل صفائی کرنے والے کاشتکاروں نے محکمہ انہار کے افسران کی ناقص کارکردگی جن میں سالوں سے نہروں کی بھل صفائی نہ ہونے، افسران کی رشوت کے باعث بڑے زمیندار وں کی جانب سے موگے کے آگے ٹھوکر بنانے ، پانی چوری ، ٹیل تک پانی کی پوری مقدار نہ پہنچنے، نہریں پکی نہ ہونے اور بیلداروں کی ناقص کارکردگی کے خلاف گزشتہ روڈ لدھانہ لیہ سٹرک بلاک کر کے شدیداحتجاج کیا اور سڑک پر ٹائر جلائے جس سے سٹرک کے دونوں
اطراف میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ کاشتکاروں نے الزام عائد کیا کہ ایکسئین محکمہ انہار انجم نوشاد، ایس ڈی او قاضی ایوب و دیگر محکمہ انہار کا عملہ بڑے زمیندار وں سے رشوت لے کر موگوں کے آگے ٹھوکریں بنا لیتے ہیں جس سے ٹیل کے کاشتکاروں تک پورا پانی نہیں ملتا اور ان کی فصلیں متاثر ہو تی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ انہار کے افسران کو نہر کی بھل صفائی کرانے اور دیگر مسائل کے حل کے لئے بارہا درخواستیں دیں مگر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا جس کے باعث ہماری فصلوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ کسان نے کہاکہ نہری کی ابتدا ء میں بھل صفائی کرا کے باقی نہر کی بھل صفائی کسانوں کو خود کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں جو سراسر نا انصافی ہے۔ بعد ازاں وائس چیئر مین یونین کونسل 164مہر اسلم میلوانہ و تھانہ پیر جگی پولیس نے مظاہرین سے مذاکرا ت کئے اور سٹرک کھولنے کا کہا جس پر مظاہرین نے سٹرک کھول دی۔ مظاہرین سے مذاکرا ت کرنے کے لئے محکمہ انہار کی طرف سے اور سیئر پہنچے جنہوں نے مطالبات تسلیم کرنے کا وعدہ کیا جس پر مظاہرین پر امن طور پر منشتر ہوگئے۔
رپورٹ ۔ مہر زاہد واندر پریس رپورٹر