ڈی پی او لیہ کیپٹن (ر)محمدعلی ضیاء کے ساتھ ممبران قومی وصوبائی اسمبلی کا اہم اجلاس
لیہ(صبح پا کستان)ضلع میں کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دے کر امن وامان کے قیام کیلئے جرائم پیشہ عناصر کی مذموم سرگرمیوں پر کڑی نظررکھی جارہی ہے جس کیلئے پولیس کو درپیش چیلنجز سے نبردآزماہونے کیلئے تمام صاحب الرائے طبقات سے باہمی رابطے ،تعاون ومشاورت کے ذریعے لائحہ عمل ترتیب دیاجارہاہے ۔یہ بات ڈی پی او لیہ کیپٹن (ر)محمدعلی ضیاء نے ممبران قومی وصوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران کہی ۔اجلاس میں ممبرقومی اسمبلی سید ثقلین شاہ بخاری،ممبران صوبائی اسمبلی چوہدری اشفاق احمد ، سردارقیصرعباس مگسی،سردارشہاب الدین خان سیہڑ،سابق ممبرصوبائی اسمبلی عبدالشکورسواگ اور پولیس افسران موجودتھے ممبران اسمبلی نے قیام امن وامان کیلئے مختلف تجاویز جن میں داخلی وخارجی راستوں پر چیکنگ ،دریائی پتن پر چیکنگ،جرائم کی روک تھام کیلئے گشت کا مؤثر نظام ،لیہ شہر میں مصروف ترین شاہراہوں پر CCTVکیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ،کرایہ داران کے کوائف کی چیکنگ،ٹریفک کا مؤثر پلان سمیت مختلف امورکے متعلق تجاویزو نشاندہی کی اورضلع میں امن وامان کے قیام اورجرائم کے خاتمے کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ڈی پی او نے کہا کہ پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور استعدادکاربڑھانے کیلئے تھانوں کی انسپکشن کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مقدمات کویکسوکرنے کیلئے سائنسی بنیادوں پر تفتیشی مراحل کی تکمیل کے ساتھ ساتھ تفتیش کے معیارکاجائزہ لیاجارہا ہے علاوہ ازیں مجرمان اشتہاریوں کے گردبھی گھیراتنگ کیاگیاہے اور دیگراضلاع میں موجود مجرمان اشتہاری کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں بھجوائی جارہی ہیں انھوں نے مزید کہا کہ ممبران اسمبلی کی تجاویزکو ملحوظ خاطررکھتے ہوئے عمل اقدامات کئے جائیں گے اورماہانہ بنیادوں پر میٹنگ کا سلسلہ جاری رکھاجائے گا ۔