ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان).ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان اللہ رکھاانجم نے راکھی گاج تا بواٹا پراجیکٹ کا دورہ کیااور جاپانی انجینئرسمیت تعمیراتی کام کرنے والی ٹیم کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا.اس موقع پر پی اے ٹرائیبل ایریا بابر بشیر سمیت دیگر متعلقہ افسران ہمراہ تھے . ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم نے کہاکہ ضلع کے قبائلی علاقہ میں جنوبی ایشیاء میں اپنی نوعیت کا منفرد پراجیکٹ تعمیر کیاجارہاہے جس میں پہاڑوں کو کاٹ کر تقریبا 33 کلو میٹر کشادہ روڈ تعمیراور کھائیوں پر عالمی معیار کے سٹیل برجز نصب کیے جائیں گے. برجز کیلئے جاپان میں کام کیا جا رہا ہے . منصوبہ دو سال کے اندر مکمل کیاجائے گا منصوبے پر23ارب 47کروڑ 70لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے. پراجیکٹ کی تکمیل سے ڈیرہ غازیخان بالخصوص قبائلی علاقہ میں ترقی کا نیا دور شروع ہو گا . یہ شاہراہ کوئٹہ تک آمدورفت کیلئے بھی مین روٹ کا کردارادا کرے گی. ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم کو راکھی گاج کیمپ آفس میں منصوبہ کی افادیت ، سکیورٹی اوردیگر اہم ایشوز پر بریفنگ دی گئی . ڈپٹی کمشنر نے فورٹ منرو کا بھی دورہ کیا . علاقہ کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے اجلاس منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ قبائلی عوام سے بھی بات چیت کی .