ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان).ضلع ڈیرہ غازیخان میں انجمن تاجران کی مشاورت سے 30سے زائد اشیائے خوردونوش کے نرخ از سر نو متعین کر دیئے گئے ہیں جن کو فوری طو رپر نافذالعمل کیا جائے گا. نرخنامے نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں . اس بات کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم کی زیر صدارت اجلاس میں کیاگیا. ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ غریب صارف کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا. ناجائز منافع خوری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی . تجارت نبی اکرم ﷺ کا پیشہ ہے . اسوہ حسنہ ﷺ کو مدنظر رکھتے ہوئے تجارت کی جائے . عوام اور تاجر کے ساتھ زیادگی برداشت نہیں کی جائے گی. منافع کی جائز شرح کو سامنے رکھا جائے. کوشش کی جائے کہ پکڑ دھکڑ کی نوبت نہ آئے. کاروباری حضرات کی عزت نفس مجروح کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی . اجلاس میں جن اشیائے خوردو نوش کے نرخ از سر نو متعین کیے گئے ان میں دال چنا موٹی 112روپے فی کلو ، دال چنا باریک 108روپے ، دال مسور کوری 127روپے ، دال مسور موٹی 82روپے ، دال ماش دھلی موٹی 148روپے ، باریک 143روپے ، دال مونگ دھلی 93روپے ، بغیر دھلی 85روپے ، چنا سفید موٹا 175روپے، چنا سفید باریک 138روپے ، بیسن110روپے ، چاول کرنل کچی نیا 85روپے پرانا 95روپے ، چاول کرنل پکی نیا 90روپے ، پرانا 98روپے ، چاول کرنل چھوٹی 70روپے ، چاول اری 40روپے ، سوجی میدہ 43روپے ، مرچ پسی 180روپے ، مرچ ثابت87روپے ، دہی 75روپے ، گوشت چھوٹا 525روپے ، اور گوشت بڑا 270روپے فی کلو فروخت کرنے کا فیصلہ کیاگیا. اسی طرح دودھ 65روپے فی لٹر اور سو گرام وزن کی روٹی پانچ روپے میں فروخت کی جائے گی. اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میاں محمد اقبال مظہر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ سرفراز مگسی ، اسسٹنٹ کمشنر صدر اصغر مجید بلوچ ، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر توصیف طاہر ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر منور عباس ، ڈی ایس پی محمد اعجاز ، ڈی او انڈسٹریز محمد طارق ولی ، ڈی ایچ او ڈاکٹر گل حسن ، عطاللہ ، محمد صادق ، اللہ داد ، ممتاز احمد کے علاوہ حبیب اللہ لغاری ، چودھری ریاض احمد ، شیخ عرفان ، شیخ عابد ، محمود احمد ، حاجی خیر دین ، شیخ بلال ، محمد طار ق اسماعیل قریشی ، محمد یعقوب ، عابد بانی، میاں جاوید اقبال ، چودھری عبدالرحمن اور ملک ساجد سمیت تاجر تنظیموں کے دیگر نمائندے موجود تھے .