ڈیرہ غازیخان( ).ڈیرہ غازیخان شہرو نواح میں بغیرتصدیق گوشت فروخت کرنے اور سلاٹر ہاوس ایکٹ کی خلاف ورزی پر چھ قصابوں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر ا دیئے گئے . گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جار ہے ہیں . ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم کی ہدایت پر ملاوٹ مافیا کے خلاف جاری مہم کے دوران ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر توصیف طاہر ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عاطف حسیب احمد ، سلاٹر ہاوس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عاصف نسیم ، ڈاکٹر سجاد سلطان ، ڈاکٹر طارق گشکوری، ڈاکٹر حافظ ایوب اور ڈاکٹر شفیق الرحمن پر مشتمل ٹیموں نے بلاک 46، دربار قادریہ چوک اور سمینہ چوک میں کارروائی کی . غیر منظور شدہ جگہ اور ویٹرینری ڈاکٹر سے جانور کا معائنہ کرائے بغیرذبح کرنے اور گوشت فروخت کرنے پر کارروائی کی گئی . بلاک 46کے قصاب احمد بخش ولد الہی بخش ، ابراہیم ولد غلام مصطفی کے خلاف تھانہ سٹی ڈیرہ غازیخان میں مقدمات درج کرا دیئے گئے . اسی طرح سمینہ چوک پر قصاب لطیف ولد شبیر سکھانی، فیاض ولد غلام فرید ، مشتاق ولد احمد نورانی وڈانی کے خلاف تھانہ گدائی میں مقدمات درج کراکے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی. ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر توصیف طاہر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ قصاب سلاٹر ہاوس پر ویٹرنری ڈاکٹر کی موجودگی میں جانور ذبح کرائیں . گھر اور دیگر غیر قانونی مذبحہ خانوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا .