ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان)حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں پہلے مرحلے کے تحت 15مارچ سے 25مئی تک خانہ و مردم شماری کی جائے گی . اندراج اور دستاویزات کی تیاری کیلئے ٹائم لائن دے دی گئی ہے جس پر عملدرآمد کرایا جائے گا . ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں 8490شماریات بلاکس بنائے جائیں گے . مہم کے دوران حد بندی بھی کی جائے گی. یہ بات صوبائی کمشنر شماریات لاہور عارف انور بلوچ نے کمشنر آفس ڈیرہ غازیخان میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی . انہوں نے کہاکہ خانہ ومردم شماری کیلئے اساتذہ کی شرط لازمی نہیں رکھی گئی ہے متعلقہ ڈپٹی کمشنر وسائل کو دیکھتے ہوئے سٹاف دے سکتے ہیں تاہم تربیت کے بعد ملازمین کی تبدیلی نہیں کی جائے گی. امتحانی ڈیوٹی دینے والے اساتذہ خانہ و مردم شماری کیلئے مستثنی ہوں گے ا ور شماریات کی ڈیوٹی دینے والے اساتذہ کو تعلیمی اداروں میں غیر حاضر تصور نہیں کیاجائے گا. صوبائی کمشنر نے کہاکہ خانہ ومردم شماری احسن طریقے سے انجام دینے کیلئے کمشنر کی سربراہی میں ڈویژنل جبکہ ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں نو ، نو رکنی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں . علاوہ ازیں چھ رکنی ضلعی ویجیلنس کمیٹی بھی کام کرے گی . تحصیلوں میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر مہم کا انچارج ہو گا . انہوں نے کہا کہ ایک بلاک میں 200سے 250گھرشامل کیے جاسکتے ہیں پاک فوج کے تعاون سے خانہ و مردم شماری کو یقینی بنایا جائیگا اور پہلے مرحلے کے تحت 15سے 17 مارچ تک خانہ شماری کی جائے گی . 18سے 27مارچ تک فارم نمبر 2میں اندراج اور 28مارچ کو بے گھر افرادکی رجسٹریشن کی جائے گی. 14اپریل کو متعلقہ معلومات کو دستاویزات کی شکل دینا ہو گی . انہوں نے کہاکہ ٹیموں کیلئے صبح آٹھ سے چار بجے تک کا وقت دیاگیاہے تاہم روزانہ کا ٹاسک مکمل کرنے کیلئے وقت میں کمی بیشی کی جاسکتی ہے . اجلاس میں پاک فوج کے علاوہ ضلع ڈیرہ غازیخان کے افسران شریک تھے . اسی طرح مظفرگڑھ ، لیہ او رراجن پو راضلاع کے افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی
ڈویژن میں خانہ و مردم شماری کرنے والی ٹیموں کو ٹرانسپورٹ کے ساتھ ساتھ فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی .کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن محمد یثرب
کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن محمد یثرب نے کہا ہے کہ ڈویژن میں خانہ و مردم شماری کرنے والی ٹیموں کو ٹرانسپورٹ کے ساتھ ساتھ فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی . خانہ و مردم شماری کے مطلوبہ مقاصد کے حصول کیلئے عوام میں بھر پور آگاہی مہم چلائی جائے گی . اہم اور نمایاں مقامات پر بینرز آویزاں کرنے کے ساتھ ساتھ مساجد میں اعلانات ، ریونیو سٹاف کے ذریعے منادی کرنے کے ساتھ دیگر ذرائع استعمال میں لائے جائیں گے اور اس سلسلے میں میڈیا کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا . انہوں نے یہ بات اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی . اجلاس میں راجن پو ر، لیہ اور مظفرگڑھ اضلاع کے افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اب تک کیے گئے انتظامات کے حوالے سےبریفنگ دی . کمشنر محمدیثرب نے کہاکہ خانہ و مردم شماری کیلئے ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں متعلقہ انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں . اس موقع پر صوبائی کمشنر شماریات عارف انور بلوچ ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان اللہ رکھا انجم ، جوائنٹ سینسس کمشنر اکبر علی ڈوگر ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر حسین چانڈیہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عبدالشکور ، اسسٹنٹ کمشنرز اصغر مجید بلوچ ، عبدالجبار ، عبدالغفار ، پی اے بابر بشیر ، پاک فوج سمیت دیگر افسران موجود تھے .
صوبائی کمشنر شماریات نے ٹرینرز کے تربیتی سیشن کا جائزہ لیا
صوبائی کمشنر شماریات عارف انور بلوچ نے گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائی سکول ڈیرہ غازیخان میں خانہ ومردم شماری میں حصہ لینے والے ڈویژن بھر سے ٹرینرز کے تربیتی سیشن کا جائزہ لیا اور اس موقع پر سوالوں کے جواب دیئے . ٹرینرز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 27جنوری تک تربیت حاصل کرنے والے ٹرینرز بعدازاں خانہ و مردم شماری کرنے والے ملازمین کو تربیت دیں گے. ٹیمیں گھر گھر جا کر متعلقہ معلومات کے اندراج کو یقینی بنائیں گی . اس موقع پر جوائنٹ سینسس کمشنر اکبر علی ڈوگر ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر حسین چانڈیہ اور دیگر متعلقہ افسران ہمراہ تھے