ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان).ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان ندیم الرحمن نے کہاہے کہ عوام کے جائز مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر اور کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی. افسران عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے ذاتی دلچسپی لیں . انہوں نے یہ بات سٹیزن فیڈ بیک ماڈل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی . ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ عوام کی شکایات کا بروقت حل حکومت کی اولین ترجیح میں شامل ہے کوشش کی جائے کہ عوام کو شکایت کی ضرورت پیش نہ آئے . عوامی مسائل اور شکایات کو ترجیحی بنیاد وں پر حل کرنے کیلئے حکومت پنجاب نے سٹیزن فیڈ بیک ماڈل متعارف کرایا . جائیداد کی خریدوفروخت ، رجسٹری ، ڈرائیونگ لائسنس و ڈومیسائل کا حصول ، مراکز صحت میں طبی سہولیات اور ادویات کی مفت فراہمی ، پولیس کے رویہ اور دیگر سرکاری فرائض کی انجام دہی کے دوران عوام سے فون کے ذریعے ردعمل معلوم کیا جاتاہے . غیر مناسب رویہ ، کوتاہی ، بدعنوانی سمیت دیگر شکایات پر متعلقہ محکمے فوری کارروائی کر کے ویب سائیٹ پراندراج کو یقینی بنائیں . عوام کو تنگ کرنے کی روش ترک نہ کرنے والے ملازمین کو برطرف کیاجاسکتاہے . اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب کے سٹیزن فیڈ بیک ماڈل پر درج ہونے والی شکایات اور کارروائی کا جائزہ لیاگیا. اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عبدالشکور، اسسٹنٹ کمشنرز اصغر مجید بلوچ ، عبدالجبار ، عبدالغفار ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر منور عباس ، سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر محمد معظم چشتی ، ڈی ایس پیز محمد اعجاز ، محمد خالد ، ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ڈاکٹر حسین میاں سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی