امن یکجہتی اور بھائی چارے کی فضاء قائم رکھنے میں میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے
واقعات کی مصدقہ اطلاعات کے لیے میڈیا نمائندگان ضلعی کنٹرول روم سے کسی بھی وقت رابطہ کرسکتے ہیں ۔ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن آفیسر سید واجدعلی شا ہ
لیہ (صبح پا کستان)ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن آفیسر سید واجدعلی شا ہ نے کہا ہے کہ امن یکجہتی اور بھائی چارے کی فضاء قائم رکھنے میں میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے انہوں نے یہ بات ڈی پی او آفس کے کانفرنس روم میں محرم الحرام کے سلسلہ میں میڈیا نمائندگان کو دی جانے والی بریفنگ میں کہی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر)محمد علی ضیاء بھی موجود تھے۔ڈی سی اوکہا کہ پر امن محرم الحرام کے لیے ضلعی حکومت ہرممکن وسائل بروئے کار لارہی ہے اورکسی واقعات کی مصدقہ اطلاعات کے لیے میڈیا نمائندگان ضلعی کنٹرول روم سے کسی بھی وقت رابطہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ عزاداری کے جلوسوں و مجالس عزاء کے تمام روٹس کی صحت وصفائی ،تعمیرو مرمت ،روشنی کے متبادل انتظامات ،ایمرجنسی لائٹس کی فراہمی ،محکمہ جنگلات ،زراعت لائیو سٹاک ،سول ڈیفینس کے اہلکاروں کی محرم ڈیوٹی کے لیے تعیناتی اور رضاکاروں کومتعلقہ ٹریننگ دینے کا عمل یکم محرم سے قبل مکمل کر لیاجائے گا اور سیکورٹی امور و میونسپل سروسز کی فراہمی کے سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت ،لاپراوہی و کوتاہی ہرگز برداشت نہ کی جائے جس کے لیے منظم محرم پلان کے تحت ڈیوٹی روسٹر ترتیب دئے دیا گیا ہے ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے بریفنگ کے دوران بتایا کی ضلع بھرکی 1778مجالس عزاء اور عزاداری کے 133جلوسوں کی فول پروف سیکورٹی کے لیے پولیس ،ایلیٹ ،سپیشل رضاکار فورسز کے علاوہ پٹرولنگ پولیس کے دوہزارسے زائد اہلکار خدمات سرانجام دیں گے اور پاک فوج کے خصوصی دستے بھی منگوائے جاسکتے ہیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ تمام روٹس کا معائنہ کرتے ہوئے 180سے زائد مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام جارہی ہے جبکہ مجالس عزاء کے لیے 25واک تھرو گیٹس کا انتظام کیاگیا ہے اور ضلع بھر میں موبائل مانیٹرنگ ،وہیکل بھی کام کریں گی جو جدید آلات سے لیس ہیں اور مرکزی کنٹرول روم سے آن لائن ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ بھر پور سیکورٹی کور کے لیے تمام پہلووں کو مدنظر رکھتے ہوئے تھانہ سطح پر امن کمیٹی کے اجلاس جاری ہیں جبکہ جنرل ہولڈاپ کے ذریعے گشت وپڑتا ل کے علاوہ ہوٹلوں کی چیکنگ بھی کی جارہی ہے اور مرکزی کنٹرول روم یکم محرم سے آپریشنل کر دیاجائے گا۔