راجن پور( صبح پا کستان ) ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد،ڈی پی او عرفان اللہ ،ایم پی اے و صوبائی پارلیمانی سیکریٹری پنجاب سردار عاطف حسین خان مزاری اور کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس راجن پور عمران منیر نے تمن مزاری روجھان میں 1000میگا واٹ ونڈ انرجی پاور پراجیکٹ (ہوا سے بجلی بنانے کا منصوبہ) کی سائٹ کا دورہ کیا ۔اس موقع پر کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس نے ونڈ پاور پراجیکٹ کی سائٹ پر موجود کارکنوں اور دیگر عملہ کی سیکیورٹی کے لئے کئے گئے خاطر خواہ بندوبست کے حوالے سے بریفنگ دی ۔اس موقع پر کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس عمران منیر نے کہا ہے کہ ونڈ انرجی پاور پراجیکٹ کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے بی ایم پی کو تعینات کیا گیا ہے۔جو دن رات یہاں پر موجود ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں توانائی کے پروجیکٹ پر کام کرنے والے کارکنوں اور انجینئرز کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی جائے گی۔اس سلسلے میں رینجر کے ساتھ مل کر سیکیورٹی کو مزید بہتر کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اس علاقے میں رینجر کی چیک پوسٹ موجود ہیں اور ونڈ پاورپراجیکٹ کی سائٹ پر کا م کرنے والوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے ملٹری پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔اس موقع پرضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی سائٹ کا معائنہ کیا اور سیکیورٹی کے بندوبست پر اطمینان کا اظہار کیا۔