ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان). ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازیخان نے انٹر میڈیٹ ضمنی امتحان 2016کے نتائج کااعلان کر دیاہے. کامیابی کا تناسب 38.64فیصد رہاہے . ڈپٹی کنٹرولر امتحانات شیخ امجد حسین کی طرف سے جاری کردہ مراسلہ کے مطابق5476طلباؤطالبات نے امتحان میں شرکت کی اور 2127نے کامیابی حاصل کی. امتحان میں 33ریگولر اور 5443پرائیویٹ امیدوار شامل تھے جن میں سے 12ریگولر اور 2115پرائیویٹ امیدواروں نے کامیابی حاصل کی . شیخ امجد حسین نے بتایاکہ انٹر میڈیٹ ضمنی امتحان میں نقل اور دیگر غیر قانونی ذرائع استعمال کرنے کے تین کیس رجسٹرڈ ہوئے جو زیر سماعت ہیں . شیخ امجد حسین نے بتایاکہ طلباء میں کامیابی کا تناسب 36.91فیصد اور طالبات میں کامیابی کا تناسب 42.06فیصد رہا . شیخ امجد حسین نے بتایاکہ امتحان میں فیل ہونے والے طلباؤطالبات انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان 2017میں شرکت کیلئے سنگل فیس کے ساتھ 16جنوری سے 13فروری تک داخلہ فارم بھجوا سکتے ہیں . انہوں نے بتایاکہ انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان 6مئی2017 سے شروع ہو گا .