ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان).ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر ڈیرہ غازیخان ندیم الرحمن نے کہاہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف مراکز صحت میں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں . ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی برو قت حاضری ، ادویات کی وافر مقدار میں موجودگی اور صفائی کا معیار بہتر کیا جائے . خراب مشینری اور آلات کی مرمت کرائی جائے. انہوں نے یہ ہدایات ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان سمیت مختلف مراکز صحت کے معائنہ کے دوران گزشتہ روز بات چیت کرتے ہوئے کہی. ڈی سی او ندیم الرحمن نے کہاکہ مراکز صحت میں نمایاں جگہ پر حکومت پنجاب کی طرف سے مقرر کردہ مفت ادویات کی فہرست آویزاں کی جائے . ٹیسٹ سمیت دیگر فیس کے شیڈول کی بھی تشہیر کی جائے. مراکز صحت میں ایمرجنسی کے نمبرز بھی آویزاں ہونے چاہئیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال پر بروقت رابطہ ممکن ہو سکے . ڈی سی او ندیم الرحمن نے کہاکہ ہسپتال میں سرنج ، بوتلوں سمیت دیگرنقصان دہ فاضل مواد کی محفوظ تلفی کو یقینی بنایا جائے . ڈی سی او نے ہسپتال کے مختلف وارڈز اور شعبوں کا معائنہ کیا اور ضروری احکامات جاری کیے . اس موقع پر اے ڈی سی عبدالشکور ، ای ڈی او فنانس سرفراز مگسی ، ای ڈی او زراعت عبدالغفور غفاری ، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر موسی کلیم ، اے پی ایم او ڈاکٹر حامد حیات سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے