ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان).ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں سڑکوں ،تعمیرات ،انہار اور پبلک ہیلتھ کی 282سکیموں پر 33ارب 75کروڑ 80لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی جارہی ہے . صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام 2016-17کے تحت روڈز کی 63، پراونشل بلڈنگز کی 92، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی 100اور انہار کی 27سکیموں کو مکمل کیا جائے گا. ترقیاتی منصوبوں پر 50فیصد سے زائد کام مکمل کر لیاگیاہے. یہ بات کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن محمد یثرب کو دوران بریفنگ بتائی گئی . کمشنر محمد یثرب نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے تاہم مٹیریل کے معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا. افسران فیلڈ میں نکلیں اور ترقیاتی منصوبوں کی کڑی نگرانی کریں . ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر کے مرتکب ٹھیکیداروں کو جرمانے کے ساتھ ساتھ دیگر سزائیں دی جائیں . روش ترک نہ ہونے پر بلیک لسٹ کیا جاسکتاہے . کمشنر کو بتایاگیاکہ ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں 15ارب روپے سے سڑکیں ، چار ارب 56کروڑ روپے سے عمارتو ں کی تعمیر ، تین ارب 80کروڑ روپے سے فراہمی و نکاسی آب اوردس ارب 29کروڑ روپے محکمہ انہار کی سکیموں پر خر چ کیے جا رہے ہیں .