ووٹ کی قیمت 15سے 20لاکھ تک , مد مقابل گروپ امیدواروں کا ایک دوسرے پر ووٹ خریدنے کے الزامات
لیہ(اے آر فریدی سے)میونسپل کمیٹی لیہ کے چیئرمین وائس چیئرمین کے انتخاب کیلئے فی کونسلز15سے 20لاکھ کی بولی لگ گئی،مسلم لیگ ن کے امیدوار چیئرمین حافظ جمیل احمد کی سپورٹ میں ایم این اے سید ثقلین شاہ بخاری، ایم پی اے لیہ چوہدری اشفاق احمد،سابق چیئرمین بلدیہ لیہ سیٹھ محمد اسلم خان جبکہ مد مقابل آزاد امیدوارغلام رسول کاشی شیخ کی سپورٹ میں سابق ضلع ناظم ملک غلام حیدر تھند،سابق ایم این اے ملک نیاز احمد جکھڑ،سابق تحصیل ناظم ملک منظور حسین جوتہ،سابق ایم پی اے چوہدری اصغر علی گوجرموجود ہیں دونوں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ کی توقع کی جا رہی ہے دونوں امیدوار چیئرمین ضلع لیہ کے معروف صنعتکار ہیں،کونسلرز کی خریدو فروخت پر دونوں گروپوں کی طرف سے کروڑوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں
ذرائع کے مطابق اب تک فی کونسلرز کی قیمت 15سے 20لاکھ تک پہنچ چکی ہے میونسپل کمیٹی لیہ کے کل 27کونسلرز ہیں جن میں سے مسلم لیگ ن 16کونسلرز کی حمایت کی دعویدار ہے جبکہ آزاد گروپ 19کونسلرز کی حمایت کے دعویدار ہیں،آزاد گروپ کے امیدوار چیئرمین غلام رسول کاشی شیخ نے نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیٹھ محمد اسلم خان نوٹوں کی بوریوں کے منہ کھول کر لیہ کے شریف کونسلرز کو خرید کرنے کی کوشش کررہا ہے جس میں سیٹھ محمد اسلم خان کامیاب نہیں ہوگا جس طرح آزاد گروپ نے مخصوص نشستوں کے انتخاب کے دوران 7میں سے 6نشستیں جیتی تھیں 22دسمبر کو چیئرمین،وائس چیئرمین کی نشسیں بھی آزاد گروپ جیت جائے گا،
مسلم لیگ ن کے امیدوار حافظ جمیل احمد خان کے چچا سابق چیئرمین بلدیہ لیہ سیٹھ محمد اسلم خان نے کہا کہ لیہ کے کونسلرز کی خرید و فروخت کا دھندہ آزاد گروپ کے امیدوار اور ان کے حواریوں نے شروع کررکھا ہے ہمارا حال ماضی گواہ ہے کہ ہم ایسی گری ہوئی حرکت نہیں کرسکتے 22دسمبر کو جیت مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی ہی ہوگی۔