چوک اعظم( صبح پا کستان)سیکورٹی کی وجہ سے عنائیت شاہ کا میلہ منسوخ ،اونٹوں کی عالمی منڈی متاثر ۔کروڑوں روپے کا نقصان ،فروخت کرنے والے پہنچ گئے ۔تفصیل کے مطابق چوک اعظم کے نواح میں دربار عنائیت شاہ پر صدیوں سے لگنے والے میلہ کو سیکورٹی کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے ۔اس میلہ میں ہر سال اونٹوں کی عالمی منڈی لگتی ہے جس میں دنیا بھر سے نہ صرف زائرین شریک ہوتے ہیں بلکہ منڈی میں ہر سال اونٹوں کی خریدو فروخت بھی ہوتی ۔سال بھر اونٹ پالنے والے افراد اس منڈی کا انتظار کرتے ہیں اور اس میلہ میں شریک ہوکر اپنے اونٹ بھی فروخت کرتے ہیں ۔میلہ کی اچانک منسوخی کی وجہ سے اس سال زائرین اور اونٹ خرید اور فروخت کرنے والوں کو سخت مایوسی اور پریشانی کا سامنا ہے ۔ اس وقت میلے دن جاری ہیں ۔ہزاروں اونٹ پال افراد اپنے جانوروں کے ساتھ عنائیت شاہ پہنچ چکے ہیں ۔لیکن بیوپاری نہ ہونے کی وجہ سے انہیں سخت مایوسی اور پریشانی کا سامنا ہے ۔شہریوں آفتاب وینس ،رفیق ملانہ ،افضل سیال ،غلام رسول اعوان اور دیگر نے میلہ منسوخی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنی سیکورٹی کو بہتر بنائے نہ کی میلے منسوخ کرے ۔ان میلوں سے مقامی لوگوں کے روزگار جڑے ہوئے ہیں اور لوگوں کی خوشیاں منسلک ہیں حکومت ان خوشیوں اور روائیتی تہواروں کو ختم نہ کرے بلکہ ان کے انعقاد کر کے وہاں پر سیکورٹی کو بہتر کرے ۔