لیہ(صبح پا کستان )لیہ میں ظلم کی انتہا ، سکول میں بچوں کی لڑائی پر علاقہ جاگیر دار نے سکول داخل ہو کر چوتھی جماعت کے بچے کو ڈنڈوں کے وار کر کے شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، سکول ٹیچر، بچوں کے چھڑانے پر بھی جاگیردار با ز نہ آیا، طالبعلم کے جسم پر ڈنڈوں کے نشان ، پاؤں سوجھ گئے، ہسپتال داخل، نوٹوں کی چمک پر پولیس بھی جاگیردار کی ساتھ بن گئی، کارروائی سے گریزاں، سکول بچیاں ، اساتذہ عدم تحفظ کا شکار ہو گئیں، پولیس کے خلاف بچیوں ، اہل علاقہ کا شدید احتجاج، وزیر اعلی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ چک 426ٹی ڈی اے تھانہ پیر جگی کی حدود میں واقع گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول میں بچوں کی سکول میں ہونے والی لڑ ائی کی شکایت پر بچی کے والد علاقہجاگیردارمنیر احمد نے سکول داخل ہوکر ٹیچر کے سامنے چوتھی جماعت کے طالبعلم محمد زبیر ولد حضور بخش کو ڈنڈوں کے وار کر کے شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، بچہ کی چیخ و پکار اور سکول طالبات، ٹیچر کے چھڑانے پر بھی جاگیردار باز نہ آیا اور بچے کو بے ہو ش کر دیا، بعدازاں سکول سے فرار ہو گیا، بچے کو بے ہوشی کی حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ سلطان داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹر نے بچے پر تشدد کی رپورٹ بھی جاری کر دی مگر پولیس نے جاگیردارکے نوٹوں کی چمک سے مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا جس پر اہل علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا.پولیس کی ناانصافی کے خلاف سکول طالبات نے احتجاج کرتے ہوئے تحفظ کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔سکول گھس کر بچے کو تشدد کانشانہ بنانے اور پولیس کارروائی نہ ہونے پر ٹیچر نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کو کارروائی کے لئے درخواست بھی دی ہے تاہم کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، انہوں نے ڈی پی او سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔اہل علاقہ نے سکولوں کے تقدس اور سیکورٹی کے بہتر انتظامات کا مطالبہ بھی کیا۔ایس ایچ او تھانہ پیرجگی مہر ریاض نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جلد مقدمہ درج کر لیا جائے گا۔
رپورٹ ۔ مہر سرفراز واندر