چک 120 ٹی ڈی اے مسیحی قبرستان حکومتی عدم توجہی کا شکار
لیہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)مسیحی قبرستان حکومتی عدم توجہی کا شکار ہو گیا ، چاردیواری کی ٹوٹ پھوٹ کے باعث جانوروں نے قبرستان میں ڈیرے ڈال لئے، مسیحی برادری کا شدید احتجاج۔لیہ کے نواحی چک 120ٹی ڈی اے میں مسیحی قبرستان حکومتی عدم توجہی کا شکار ہو گیا۔ قبرستان کی چاردیواری تین اطراف سے ٹو ٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے باعث قبرستان میں جانوروں کے داخل ہونے سے قبروں کی بے حرمتی ہو رہی ہے۔ 2003میں سابق تحصیل ناظم ملک منظور حسین جوتہ کی کوششوں سے مسیحی قبرستان کی چاردیواری تعمیر کرائی گئی جو بعدازاں مرمت نہ ہونے اور دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث جگہ جگہ سے ٹوٹ پھو ٹ کا شکار ہو گئی۔چاردیواری کی ٹوٹ پھوٹ کے باعث علاقہ مکین اینٹیں بھی اٹھا کر لے گئے۔مسیحی برادری نے قبرستان کی چاردیواری کی ٹوٹ پھوٹ اور حکومتی عدم توجہی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کو متعددبار قبرستان کی چاردیواری نئے سرے سے تعمیر کرنے کے لئے درخواستیں دیں مگر کوئی کارروائی نہ ہو سکی۔ انہوں نے کہاکہ قبروں کی بے حرمتی اور بعض دفعہ قبریں مسمار ہونے کے باعث ان کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے ڈی سی او لیہ سے مطالبہ کیا کہ مسیحی قبرستان کی چاردیواری بنوائی جائے۔