بھٹہ خشت ما لکان کی ہڑ تال ، مزدوروں کے چولھے ٹھنڈے ہونے لگے
لیہ(صبح پا کستان)بھٹہ مالکان کا استحصال جاری، حکومت کو نیچا دکھانے کے لئے اینٹوں کی سپلائی بند، ہزاروں مزدوروں کے چولھے ٹھنڈے ہونے لگے، فاقہ کشی تک نوبت آگئی۔ بھٹہ مالکان کا حکومتی ناروا سلوک کے خلاف احتجاج ، حکومت سے اپنی شرائط منوانے کے لئے بھٹوں سے اینٹوں کی سپلائی بند کر دی جس کے باعث تعمیراتی کام ٹھپ ہونے سے ہزاروں مزدور، مستری بے روز گار ہو گئے ہیں۔ پنجاب بھر کے بھٹہ مالکان کی طرح لیہ ، کوٹ سلطان کے بھٹہ مالکان نے حکومتی ناروا سلوک کے خلاف احتجاجا گزشتہ کئی دنوں سے چار مارچ تک اینٹوں کی سپلائی بند رکھنے کا اعلا ن کیا ہو ا ہے جس سے اینٹوں کی سپلائی نہ ہونے کے باعث ضلع بھر میں تعمیراتی کام ٹھپ ہو چکا ہے جس سے ہزاروں دیہاڑی دار طبقہ مستری ، مزدور بھی بے روز گار ہو گئے ہیں۔ تعمیراتی کام بند ہو نے سے دیہاڑی دار طبقہ شدید مالی پریشانی کا شکار ہو گیا ہے۔ دیہاڑی نہ ملنے کے باعث بے روزگار ہونے والے مزدروں کے ان گنت مسائل بڑھ گئے ہیں جبکہ ان کے گھروں میں نوبت فاقہ کشی تک پہنچ چکی ہے۔گزشتہ روز دیہاڑی ملنے کی غرض سے ریلوے پھاٹک پر جمع ہونے والے مزدروں نے مزدوری نہ ملنے کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ بھٹہ مالکا ن کے جائز مطالبات تسلیم کئے جائیں اور بھٹوں بارے اصول و ضوابط بنا کر مزدوروں کے ان کے جائر حقوق دیئے جائیں۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے والے حکمران جھوٹے دعوے کر غریب عوام پر مظالم ڈھا رہے ہیں ۔ ملک میں غریب افراد کا رہنا دو بھر ہو چکا ہے۔ مزدوروں نے مطالبہ کیا کہ ان کے حقوق نہ دیئے گئے تو احتجاج کا سلسلہ وسیع کر دیا جائے گا۔
رپورٹ ۔ مہر زاہد سرفراز واندر پریس رپورٹر