پی ٹی آئی کا یوم تاسیس ، حکومت کا وفاقی دارلحکومت کوسیل کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کی جانب سے یوم تاسیس پر جلسے کا اعلان کیا تو اس سے قبل ہی وفاقی حکومت نے دارالحکومت کو سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت نے تحریک انصاف کو یوم تاسیس کے موقع پر ایف نائن پارک میں جلسہ کرنے سے روکنے کے لئے حکمت عملی ترتیب دے دی ہے، حکومت نے 24 اپریل سے پہلے وفاقی دارالحکومت کو سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے 18 ہزار سے زائد اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے یوم تاسیس کے موقع پر 24 اپریل کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں جلسے کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں مقام تبدیل کرتے ہوئے ایف نائن پارک میں جلسے کا اعلان کیا تاہم وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں کسی بھی سیاسی و مذہبی جماعت کے جلسے پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔