ڈیرہ غازی خان(صبح پا کستان) میئر ڈی جی خان شاہد حمید چانڈیہ کی گورنر پنجاب سے دو ہفتوں کے دوران دوسری ملاقات۔ ڈی جی خان ملتان دورویہ سڑک منصوبے ، میونسپل کارپوریشن کے 19کروڑروپے سابقہ بقایاجات کی ادائیگی ،سینی ٹیشن سٹاف کی بھرتی، جدید مشینری کی خریدسمیت دیگر معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال۔مزید تفصیلات کیمطابق مئیر ڈی جی خان میونسپل کارپوریشن شاہد حمید چانڈیہ نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران مئیر شاہد حمید نے گورنر پنجاب کو میونسپل کارپوریشن ڈی جی خان کو درپیش مالی و انتظامی مشکلات بارے تفصیل سے آگاہ کیا جس پر گورنر پنجاب نے دورانِ ملاقات ہی وزیرِ بلدیات پنجاب میاں ،منشاء اللہ بٹ اور سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کو فون کرکے ڈی جی خان میونسپل کارپوریشن کو درپیش تمام تر مسائل کے فوری حل بارے میں ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی خان ملتان دورویہ سڑک سمیت اہمیت کے حامل منصوبہ جات کے حوالے سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم اور مئیر شاہد حمید کی ذاتی کاوشوں اور دلچسپی قابلِ تعریف ہیں ۔گورنر پنجاب نے مزید بتایا کہ ڈی جی خان ملتان دورویہ سٹرک منصوبے پر کام کا آغاز جلد ہوگا ، منصوبے پر عملدرآمد کے لئے سمری ایس اینڈ جی اے ڈی ڈیپارٹمنٹ کو مزید پیش رفت کے لئے بھجوائی جاچکی ہے اہمیت کے حامل اس میگا پراجیکٹ پر پیش رفت کے تمام تر مراحل کو خصوصی توجہ دیں گے انکی کوشش ہوگی کہ ڈی جی خان کے عوام کے اس دیرینہ مطالبے پر جلد ازجلد عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔مئیر شاہد حمید چانڈیہ کل وزیرِ بلدیات اور سیکریٹری بلدیات سے ملاقات کریں گے۔