ڈیرہ غازیخان )صبح پا کستان ): شہدائے کربلا کا چہلم،کمشنرڈیرہ غازی خان ڈویژن سارہ اسلم سکیورٹی اور دیگر معاملات کا جائزہ لینے کےلئے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم پہنچ گئیں ۔ آر پی او محمد فیصل رانا،ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید،ڈی پی او عمر سعید،سکیورٹی انچارج محمد عامر اور دیگر موجود تھے ۔ پولیس لائن ڈیرہ غازی خان میں سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت ضلع بالخصوص شہر کو 400 سے زائد کیمروں سے منسلک کردیا گیا ۔ کمشنر سارہ اسلم نے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے مختلف شعبوں کا تفصیل سے معائنہ کیا ڈی پی او عمر سعید نے بریفنگ دی ۔ کمشنر سارہ اسلم نے سمارٹ سٹی پروجیکٹ کو جرائم کی روک تھام، جدید خطوط پر مقدمات کی تفتیش،مانیٹرنگ اور دیگر متعلقہ معاملات کےلئے اہم پیشرفت قرار دیا ۔ انہوں نے خواتین سے متعلق مقدمات کی سماعت،تفتیش اور متعلقہ معاملات کےلئے خواتین تھانوں ، ہیلپ ڈیسک کے قیام اور پنجاب پولیس میں کوٹہ کے تحت خواتین کی موثر بھرتی کےلئے بھی مہم چلانے کی اہمیت پر زور دیا ۔
آر پی او محمد فیصل رانا نے کہا کہ شہدائے کربلا کے چہلم کی سکیورٹی کےلئے ہرممکن اقدامات کئے گئے ہیں ۔ پاک فوج، رینجرز،ایلیٹ، ڈولفن اور دیگر فورسز سکیورٹی کے معاملات دیکھیں گے ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے امن و امان کے قیام کےلئے سمارٹ سٹی کوموثر قرار دیا ڈی پی او عمر سعید نے کہا کہ سمارٹ سٹی کے ذریعے ضلع کی اہم شاہراہوں ،عبادتگاہوں ،حوالات،ایس ایچ اوز کے کمروں ، چیک پوسٹوں اور ناکوں کی سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جارہا ہے ۔ ضلع میں چہلم کے پانچ جلوس برآمد ہوں گے جس کےلئے پنجاب پولیس کے ایک ہزار سے زائد جوان سکیورٹی کے فراءض انجام دیں گے ۔