ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان ) کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا کہ محرم الحرام مقدس ماہ ہے اس میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھی جائے، محراب و منبر سے مثالی اتحاد کا درس دیا جائے .
انہوں نے کہا کہ کسی کو غیر قانونی مجالس ،جلوس نکالنے اور سبیل کی اجازت نہیں دی جائے گی،علمائے کرام اور ذاکرین اشتعال انگیز بیانات اور خطاب سے گریز کریں انہوں نے یہ بات سرکٹ ہاوس میں ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ;اجلا س میں وفاقی وزیر مملکت زرتاج گل وزیر، رکن قومی اسمبلی سردار جعفر خان لغاری،آر پی او عمران احمر ، ڈپٹی کمشنرز وقاص رشید،ذیشان جاوید،افضل ناصر، ایڈیشنل کمشنر اظفر ضیاء ،ڈی پی او اسد سرفراز،اے سی جی محمد صفات اللہ،اسسٹنٹ کمشنرز عثمان جلیس،شاہد حسین اور ڈویژنل امن کمیٹی کے اراکین شریک تھے ;اجلاس میں محرم الحرام کے انتظامات ،سکیورٹی اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا استحکام پاکستان ،ملک کی خوشحالی اور کشمیریوں سے یکجہتی کے ساتھ خصوصی دعا کی گئی ۔ کمشنر نے کہا کہ ڈویژن بھر میں زبان بندی اور ضلع بندی پر عملدرآمد کرایا جائے گا ۔
آر پی او عمران احمر نے کہا کہ ڈویژن میں چار ہزار مجالس اور ایک ہزار تین سو جلوس برآمد ہوں گے ۔ ڈیڑھ سو مقامات کو حساس قرار دیا گیا ہے ۔ وفاقی وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا کہ اراکین اسمبلی مجالس اور جلوس کے ہمراہ ہوں گے ۔ قیام امن کےلئے وقت اور روٹس کی پابندی کی جائے ۔ علمائے کرام امن کا پیغام عام کریں ،رکن قومی اسمبلی سردار جعفر خان لغاری نے کہا کہ محراب و منبر سے کسی کی دل آزاری نہ کی جائے ۔ ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے ۔
ندیم حیدر نقوی،ظفر عباس،محمود احمد قاسمی،سید احسن حسین شمسی،قاری خلیل الرحمٰن،قاری محمود،قاری عبدالحنیف،گلزار عباس نقوی،مولانا عبدالمعبود،قاری کفایت اللہ،صفدر شاہ،واحد بخش باوری،صاحبزادہ انور حسن قریشی سمیت تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور نمائندوں نے کہا کہ اسوہ حسنہ ﷺ پر عمل کرتے ہوئے دین اور دنیا میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ قیام امن کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا ۔ پاک فوج اور دیگر سکیورٹی فورسز نے قیام امن کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں