ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان) کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن نسیم صادق نے کہاہے کہ حکومت کیلئے ہر انسانی جان قیمتی ہے جس کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے. ایران سے آنے والے زائرین کو ایئر پورٹ کے نزدیک غازی یونیورسٹی کے چار بلاکوں میں گھر جیسا ماحول فراہم کیا گیاہے جہاں خواتین،بچوں، بزرگ اور ہر عمر کے فرد کی ضروریات کا خیال رکھا جارہا ہے.
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کمشنر نے کہاکہ سنٹر میں آٹھ سو کے قریب زائرین کو ابزرویشن میں رکھا گیا ہے جن کے مختلف اوقات میں تین ٹیسٹ لیے جائیں گے جس کیلئے حکومت نے کٹس فراہم کر دی ہیں. مشتبہ کیس کی نشاندہی پر پانچ افراد کو انڈس ہسپتال مظفرگڑھ منتقل کیاگیا ہے جہاں ان کے دیگر ٹیسٹ جاری ہیں. سنٹر سے اڑتالیس افراد کے جدید کٹس کے ذریعے سیمپل لے کر لیبارٹری ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیئے گئے ہیں جن کی رپورٹ تین روز کے اندر موصول ہوگی. انہوں نے کہاکہ ڈیرہ غازیخان لائے جانے والے زائرین کو مختلف جگہوں پر چودہ، چودہ روز کیلئے ابزرویشن میں رکھا گیا ہے. گلگت بلتستان، آزاد کشمیر او رخیبرپختونخواہ کے زائرین کو منی بسوں کے ذریعے ان کے اضلاع پہنچا د یاگیا. کمشنر نے کہا کہ سنٹر میں تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کرایا جارہاہے کمشنر نے کہا کہ سنٹر میں مقیم تمام افراد حکومت کے انتظامات سے مطمئن ہیں او ران کی خواہش ہے کہ انہیں مکمل تسلی کے بعد گھر بھیجا جائے تاکہ ان کی فیملی کے کسی بھی ممبر کو کوئی پریشانی نہ ہو. کمشنرنے کہا کہ سنٹر ک گرد سکیورٹی کے مختلف حصار بنائے گئے ہیں کمشنر نے کہا کہ سنٹر میں صفائی کیلئے 22کے قریب تربیت یافتہ جینیٹوریل سٹاف تعینا ت کیاگیاہے جنہیں حفاظتی کٹ پہنانے کے ساتھ دیگر انفیکشن سے بچاؤ کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں. زائرین کو کھیلوں او ربچوں کو کھلونے سمیت دیگر تفریحی سامان مہیاکیاگیاہے. زائرین کے زیراستعمال چیزوں کو ایئر لاک کنٹینر کے ذریعے باہر لا کر محفوظ مقامات پر تلف کیا جارہاہے. کمشنرنے کہاکہ حکومت کے اس اقدام کا مقصد پورے معاشرے کو محفوظ بنانا ہے او رڈویژنل انتظامیہ خدمت خلق میں کسی قسم کی کمی کوتاہی نہیں کرے گی. انہوں نے بتایا کہ کرونا وائرس کے مشتبہ افراد کیلئے ملک بھر میں مظفرگڑھ، لاہور او رپنڈی میں تین سنٹرز بنائے گئے ہیں جنوبی پنجاب کیلئے انڈس ہسپتال مظفرگڑھ مختص کیاگیا جہاں عالمی معیار کے مطابق تشخیص، علاج معالجہ اور ادویات کی سہولیات فراہم کی گئی ہے.