ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان): ڈپٹی کمشنر آفس ڈیرہ غازی میں اراکین اسمبلی کی ضلعی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کی۔مشیر صحت محمد حنیف پتافی،چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سردار احمد علی دریشک،اراکین اسمبلی سردار محی الدین خان کھوسہ، ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ،ڈی پی او اختر فاروق اور تمام محکموں کے افسران شریک تھے۔اجلاس میں محرم الحرام،امن و امان،حلقہ بندیوں،ترقیاتی منصوبوں اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا.اراکین اسمبلی نے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس میں ایس ڈی جیز پروگرام کے ایم این اے پیکج کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور 98 فیصد پوائنٹس حاصل کرنے پر ضلع ڈیرہ غازی خان کی صوبہ بھر میں اول پوزیشن اور ایم پی اے پیکج کے 95 فیصد پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر ڈیرہ غازی خان کے اداروں کے سربراہان کو شاباش دی.
مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد حنیف پتافی نے کہا کہ مانکا کینال پر آرٹس کونسل اور زیر تعمیر کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ کے سامنے مزید پل تعمیر کئے جائیں۔ زیر تعمیر پل ڈاٹ کے ایک حصہ سے ٹریفک کی روانی کا انتظام کیا جائے۔پل ڈاٹ کے تعمیراتی کام کو تیز کیا جائے،ٹریفک کی بندش سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ٹیچنگ ہسپتال میں ایک ماہ کے اندر مردہ خانہ کو فنکشنل کیا جائے۔جدید بس ٹرمینل کے تعمیراتی کام میں سست روی پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔بس ٹرمینل کے رابطہ روڈز کو بہتر کرنے کیلئے سکیم تیار کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ سردار فتح محمد خان بزدار انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے منصوبہ کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہو ئے تعمیراتی کام میں تاخیر پر بھی برہمی کا اظہار کیا گیا۔مشیر صحت نے کہا کہ ہر پندرہ روز بعد موقع پر پیشرفت کی بریفنگ لی جائے گی۔
چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی پنجاب سردار احمد علی دریشک نے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتال کی نو تعمیر شدہ عمارت میں سیپج پر تحقیقات کی جائیں۔قیادت کی براہ راست ذمہ داری لینے سے قبائلی فورسز کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے.
ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیاری مٹیریل استعمال کیا جائے،غیر جانبدار ذرائع سے معیار کی جانچ پڑتال کرائی جائے گی۔
ایم پی اے سردار محی الدین خان کھوسہ نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے ملکر کام کرنا ہوگا۔ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ثمرات عوام کو ملیں گے.
ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر اراکین اسمبلی اور تفصیلات کی تختیاں لگائی جائیں۔ٹیچنگ ہسپتال کی عمارتوں کا بیرونی حصہ جاذب نظر بنایا جائے۔ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر پر متعلقہ محکمہ ذمہ دار ہوگا۔محرم الحرام کے دوران پولیس کی معاونت کیلئے رینجرز کی بھی خدمات طلب کرلی گئی ہیں۔ضلع ڈیرہ غازی خان میں 2131 سکیموں پر چالیس ارب 67 کروڑ روپے خرچ ہوں گے،منصوبوں پر 17 ارب 30 کروڑ روپے خرچ کرلئے گئے
ڈی پی او اختر فاروق نے کہا کہ ضلع ڈیرہ غازی خان میں دسویں محرم الحرام تک 932 مجالس کے انعقاد کے علاوہ 228 جلوس نکالے جائیں گے۔شعلہ بیان 25 علماء،ذاکرین کی ضلع بندی اور 22 کی زباں بندی کی گئی ہے۔دسویں محرم کو موبائل فون سروس کی معطلی اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کی سفارشات حکومت کو ارسال کردی گئی ہیں
ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی نے ترقیاتی منصوبوں اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ملک محمد رمضان نے حلقہ بندیوں سے متعلق بریفنگ دی۔