چوک اعظم(صبح پا کستان ) پنجاب کو وزیر اعلیٰ اور وزراء اور وفاق کو وزیر اعظم کی نشستیں جھولی میں ڈالنے والا بھکر ضلع سے گزرنے والا ایم ایم روڈ موہنجو دڑو کا منظر پیش کرنے لگا ۔سرائے مہاجر تا فتح پور تک 30کلومیٹر سڑک کا ٹکڑا عذاب بن گیا ،جگہ جگہ گڑھے گاڑیوں کے لیے حادثات کا سبب بن گئے ،روزانہ حادثات معمول ،گاڑیاں کھٹارہ ہونے لگیں ۔30منٹ کا سفر 2گھنٹوں پر محیط ،حکومتی ممبرانِ اسمبلی و ضلعی حکومت بھکر مسلسل خاموش ۔عوام کا احتجاج ،
تفصیل کے مطابق ضلع بھکر جسے ملک بھر میں سیاسی حوالے سے انفردایت حاصل ہے کہ اس ضلع نے ہر دورِ حکومت میں وزارتیں اور سینٹ میں نمائندگی لی ہے۔سابقہ دور میں میاں شہباز شریف اس ضلع کے شہر دُلے والہ سے ایم پی اے بنے اور 5سال تک وزارتِ اعلیٰ کے منصب پر حکمرانی کی اور پنجاب کو پیرس کے برابر لا کھڑا کرنے کے دعوے کیے ۔اسی طرح چوہدری شجاعت حسین بھکر سے ایم این اے بنے اور وہ وزیر اعظم کے عہدے پر فائز رہے ۔یہاں کے با اثر سیاسی خاندان نوانی ،شہانی ،ڈھانڈلے ،چھینہ ،مستی خیل ،عظیم خیل بھی جیت کر اقتدار کی آغوش میں سوئے رہے ۔اب بھی نوانی خاندان کی ضلع کونسل اور پارلیمنٹ اور ڈھانڈلہ خاندانسمیت متعدد خاندان اقتدار کی پینگھ پر جھول رہے ہیں ۔مگراس خطہ کی حالت بدستو ر پسماندہ ہے ملحقہ اضلاع میں ہونے والی ترقی سے اگر اس ضلع کا جائزہ کیا جائے تو یہ ضلع بہت پیچھے نظر آتا ہے ۔،غربت میں اضافہ اپنی جگہ مگر گزشتہ سات سال سے اس ضلع میں سے گزرنے والی مرکزی شاہرہ ایم ایم روڈ تباہ حال ہو چکی ہے ۔سرائے مہاجر سے لیکر فتح پور ضلع لیہ تک تقریباََ30کلومیٹر سڑک کا ٹکڑا سات سالوں سے یہاں کی سیاست اور ان کی عوامی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ،اور اس میں پڑنے والے گڑھے ٹریفک کے لیے عذاب بنے ہوئے ہیں۔30کلومیٹر کا سفر کم ازکم 2گھنٹے میں طے کرناپڑتا ہے اور اگر کوئی گاڑ ی اُلٹ جائے تو پھر کئی کئی گھنٹے سڑک بلاک رہتی ہے۔حادثات روزانہ کا معمول بن گئے ہیں اور کئی افراد ان حادثات میں اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں اور متعدد افراد اپاہج ہو کر زندگی بسر کر رہے ہیں ۔
اہلِ علاقہ اور مسافر حضرات نے چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے ،ایم ایم روڈ کو ون وے بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے یہاں کے سیاست دانوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔