لاہور ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے رات 10 بجے ہوٹلز ،ریستوران اور شاپنگ مالز بند کرنے کا اعلان کردیا۔
کرونا وائرس کے حوالے سے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 28 ہے،پنجاب میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی ہے، کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے 3 عارضی ہسپتال قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریستوران، شاپنگ مالز رات کو 10 بجے بند کرانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ میڈیکل سٹورز اور منڈیاں کھلی رہیں گی ۔ تفریحی مقامات پر سیاحوں کے جانے پر پابندی عائد کردی ہے، سرکاری دفاتر میں ملازمین کی تعداد کم سے کم کی جارہی ہے۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے 236 ملین پہلے ہی گرانٹ جاری کی جاچکی ہے ، کرونا سے نمٹنے کیلئے 5 ارب روپے کا فنڈ قائم کیا جائے گا۔