لیہ۔(صبح پا کستان ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے لائیو سٹاک اثاثہ جات پروگرام کے تحت ضلع لیہ کی 401 سے زائد مستحق مطلقہ/ بیوہ خواتین میں مویشی [ بچھڑی اور کٹیاں ]تقسیم کرنے کاآغا زکردیاگیا۔ سپیشل سیکرٹری لائیو سٹاک جنوبی پنجاب اظفر ضیاءنے یونیورسٹی آف لیہ حافظ آباد کیمپس میں منعقدہ تقریب میںمستحق مطلقہ اور بیوہ خواتین میں لائیوسٹاک اثاثہ جات دیے۔ اس موقع پر ایم پی اے علی اصغر خان گرمانی، سابق ایم این اے ثقلین شاہ بخاری، سابق ایم پی اے طاہر رندھاوا، رہنما مسلم لیگ ن سمعیہ عطاءشہانی، اسلم سمراء، عابد انوار علوی،سعید اچلانہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد ملک، سابق اے ڈی سی آر لیہ اشفاق سیال، ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈی جی خان ڈاکٹر نظام الدین، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر طارق گدارہ، میڈیا نمائندگان، لائیو سٹاک افسران و فیلڈ سٹاف، مطلقہ/ بیوہ خواتین کی بڑی تعداد موجودتھے۔تقریب میں شفافیت کو برقراررکھنے کے لیے مستحق خواتین نے قرعہ اندازی کے ذریعے خود پرچیاں اُٹھاکر جانور منتخب کیے۔ منعقدہ تقریب میں پہلے مرحلے کے آغاز پر 247 مستحق مطلقہ،بیوہ خواتین جس میں لیہ کی 211جبکہ چوبارہ کی 36مستحق مطلقہ،بیوہ خواتین میں جانور تقسیم کیے گئے دوسرے مرحلے میں تحصیل کروڑ میں تقسیم کیے جائیں گے۔تقریب سے سپیشل سیکرٹری لائیو سٹاک جنوبی پنجاب اظفر ضیاءنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلی پنجاب مریم نوازکی ہدایت پر شعبہ لائیوسٹاک کی ترقی کے لیے 17ارب روپے فنڈز مختص کیے گئے ہیںجس میں خواتین کو باوقار بنانے اور گھر بیٹھے روزگار فراہم کرنے کے لیے جنوبی پنجاب کے 12 اضلاع میں مفت لائیو سٹاک اثاثہ جات کو تقسیم کرنے کا آغاز کیا گیا ہے اس سلسلے میں ضلع لیہ کی 247 خواتین میں قرعہ اندازی کے ذریعے مفت بچھڑی اور کٹیاں تقسیم کی گئیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے 12اضلاع کی غریب بیوہ اور مطلقہ خواتین میں 2ارب روپے کی مالیت سے 11ہزار گائے اور بھینسوں کی مفت تقسیم کی جائے گی خواتین ان جانوروں کی پرورش کرکے اپنا بہترین روزگار کما سکتی ہیں۔انہوںنے کہاکہ لائیوسٹاک کاشعبہ پاکستان کی معیشت کو بہتر کرنے اور غربت کے خاتمے میں مرکزی کرداراداکررہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ لائیوسٹاک کارڈ سمیت دیگر سکیمیں پائپ لائن میں ہیں۔تقریب سے سابق ایم این اے ثقلین شاہ بخاری ،سابق ایم پی اے لالہ طاہر رندھاوا،رہنمامسلم لیگ ن سمعیہ عطاشہانی اور عابدانوار علوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی جانب سے جنوبی پنجاب میں بیوہ اور مطلقہ خواتین میں جانوروں کی تقسیم کاپراجیکٹ ایک دور رس نتائج کاحامل منصوبہ ہے جس سے ہماری مائیں بہنوں کو گھر کی دہلیزپر قابل عزت روزگارمیسرہوگا جس سے وہ اپنی حالت کو بہتر بناسکتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب سیاست سے قطع نظر صوبے کے تمام سیکٹرزاور اکائیوں پر یکساں فوکس کررہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلی نے جنوبی پنجاب کی مطلقہ و بیوہ خواتین کو ایک انقلابی و فلاحی منصوبہ دیا ہے اس کے لیے ہم ان کے شکرگزار ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب اپنے بہترین منصوبوں کی بدولت پنجاب کی ماں اور بیٹی ہونے کا حق ادا کررہی ہیں۔ تقریب میں ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈی جی خان ڈویژن ڈاکٹرنظام الدین نے پروگرام کے اغراض و مقاصد سے شرکاءکو آگاہ کیا۔ تقریب کے آخر میں سپیشل سیکرٹری لائیو سٹاک جنوبی پنجاب اظفر ضیاءودیگر نے شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔