کورونا وائرس عالمی وبا کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی طرف سے آزمائش ہے انسانی تاریخ میں قومیں تکبر غرور اورللہ تعالی کی نافرمانی پر تباہ ہوئیں اور قوموں کو مختلف آفات، وباء اور امراض سے آزمایا گیا. نوول کورونا وائرس بھی آزمائش ہے کہ کون نفسا نفسی اور کون امتی کا عملی نمونہ بن کر سامنے آتاہے اللہ تعالی کا قرب حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ اجتماعی توبہ، استغفار کر کے اللہ تعالی کی ناراضگی پر معافی مانگی جائے اور حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کر تے ہوئے دنیاوی آزمائشوں سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے. کورونا وائرس سے جنگ حکومت نے قوم جیت سکتی ہے جس کیلئے متحد قوم کا عملی نمونہ پیش کرنا ہو گا۔اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہوکر آزمائش میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدارنے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے انقلابی اقدامات کا آغاز کر دیاہے روزانہ کی بنیاد پرمشاورت، فیصلوں اور پیشرفت کیلئے کیبنٹ کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو براہ راست وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی سربراہی میں کام کرہی ہے۔وزیر اعلی پنجاب نے محکمہ صحت اورپی ڈی ایم اے کیلئے تقریباً8ارب روپے کے فنڈزکا اعلان کردیا ہے اورمحکمہ خزانہ نے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز کا اجراء بھی کردیا ہے وزیراعلیٰ سردار عثمان احمد خان بزدار نے ڈاکٹروں اورہیلتھ پروفیشنلز کے مسائل کے حل کیلئے بھی کمیٹی بنا دی ہے وزیر اعلی نے کورونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال کرنیوالے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرنٹ لائن پرآ کر وائرس سے متاثرہ مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے ہمارے ہیروہیں۔ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کیلئے سپیشل انیشیٹیوز اور الگ خصوصی مالی پیکج دینے کا اعلان کردیا ہے۔کورونا کے حوالے سے الگ آٹھ سے دس ہزار تک مزید ڈیلی ویجز ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف بھرتی کا بھی اعلان کرتے ہوئے پہلے سے تعینات ڈیلی ویجز ملازمین کو نہ نکالنے سمیت ان کے معاشی مسائل حل کرنے کا بھی اعلان کردیا ہے۔وزیر اعلی سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا کہ ڈیلی ویجز ملازمین کوتنخواہوں کی ادائیگی جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں ڈیلی ویجز ملازمین کو تنہا نہیں چھوڑا جائیگا وزیر اعلی سردار عثمان احمد خان بزدار نے مشکل گھڑی میں عوام کا تعاون حاصل کرنے کیلئے چیف منسٹر ایمرجنسی فنڈ کے قیام کا اعلان کردیا ہے اور مخیر حضرات کو چیف منسٹر ایمرجنسی فنڈمیں دل کھول کر عطیات دینے کی درخواست کی ہے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آپ کی پائی پائی کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر خرچ کی جائے گی۔وزیر اعلی نے ایکسپوسینٹر لاہور میں 900بستروں پر مشتمل خصوصی فیلڈ ہسپتال کے قیام کی منظوری دے دی ہے اور 48 گھنٹے کے نوٹس پر دس ہزار بیڈ کے ہسپتال کی تیاری کے احکامات جاری کردئیے۔وزیر اعلی سردار عثمان احمد خان بزدارنے بلوچستان حکومت سے تعاون اورتفتان میں قرنطینہ مرکز کے قیام کا جائزہ لینے کے حوالے سے بھی وزارتی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے تفتان اور بلوچستان زائرین کے قیام اور سہولیات فراہم کرنے پر وزیر اعلی بلوچستان کا شکریہ ادا کیا انہوں نے بلوچستان حکومت کیلئے ایک ارب روپے کی مالی امدادکا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت کی ہر ممکن مدد کریں گے۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے میڈیکل کالجوں میں ٹیلی میڈیسن کا پروگرام شروع کرادیا۔لاہور میں 8ہوٹلوں میں 880بیڈز کی نشاندہی کرلی گئی ہیں،ضرورت پڑنے پر انہیں استعمال کیا جاسکے گا۔دیگربڑے شہروں کے ہوٹلوں میں بھی قرنطینہ سینٹر بنائے جائیں گے جس کیلئے انتظامات کی تیاری شروع کردی ہے.
وزیر اعلی نے ہوم کورینٹائن کیلئے بھی کام شروع کر دیاہے. کیبنٹ کمیٹی مشاورت کے بعد ایس او پیز تیار کرے گی جنہیں وفاقی حکومت سے مشاورت کے بعد ہوم کورینٹائن کی سہولت فراہم کی جائے گی. حکومت فی الحال لاک ڈاون کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی.
وزیر اعلی سردار عثمان احمد خان بزدار نے صوبائی وزراء کو بھی فیلڈ میں اتار دیا ہے اور وزراء کو آبائی ضلع میں ذمہ داریاں تفویض کردی ہیں۔انہوں نے وزراء کو فی الفور اپنے شہروں میں جاکر صورتحال کا جائزہ لینے اور ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں اور مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف پتافی کو ضلع ڈیرہ غازیخان کی ذمہ داری دے دی گئی۔وزیر اعلی نے کہا کہ عوام کوبلوں میں ریلیف دینے کیلئے وفاقی حکومت سے بات چیت کریں گے۔وزیر اعلی نے تفتان سے آنے والے زائرین کو پنجاب میں قائم قرنطینہ سینٹرز میں ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے ہر لمحہ بدلتی صورتحال اور حقائق کے بارے میں عوام کو آگاہی دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام انتظامیہ کا ساتھ دے اور حکومت پنجاب کے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کرایا جائے۔حکومت نے زیادہ افراد کے اجتماع اور تقریبات پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کردی ہے جس کا واحد مقصد ہرانسانی جان کو بچانا ہے کیونکہ ماہرین طب کے مطابق کرونا وائرس ایک متاثرہ شخص سے صحتمند میں منتقل ہوسکتا ہے اس لئے اپنی حفاظت کا خیال کرتے ہوئے احتیاطی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ سرکاری دفاتر میں بھی پبلک ڈیلنگ پر پابندی عائد کی گئی ہے تاہم افسران کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے میکانزم بنائیں اپنے دفاتر اور موبائل نمبرز باہر نمایاں مقامات پر آویزاں کئے جائیں تاکہ عوام ان نمبروں پر رابطہ کر کے اپنے مسائل کی دادرسی سکیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وبائی مرض کی اس جنگ میں کامیابی کیلئے پوری قوم کو متحد ہوکر لڑنا ہوگا
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازیخان کی انتظامیہ اور عوام نے ایران سے آئے زائرین کے پہلے قافلے کو بطور مہمان وصول کیا اور ایئرپورٹ کے نزدیک غازی یونیورسٹی کے کیمپس میں چار بلاکس کے 140 کمروں میں زائرین اور ٹرانسپورٹ عملہ سمیت 800 سے زائد افراد کو ٹھہرایا گیا۔مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف پتافی،کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نسیم صادق،آر پی او عمران احمر،چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز طاہر فاروق،اظفر ضیاء،امجد شعیب ترین، ذوالفقارعلی کھرل ،ڈی پی او اختر فاروق،پولیٹیکل اسسٹنٹ سید موسی رضا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کیپٹن ریٹائرڈ سمیع اللہ فاروق،حسنین خالد سنپال، عبدالغفار،اسسٹنٹ کمشنرز محمد صفات اللہ،محمد اسد چانڈیہ،ملک محمد شاہد،محمد یوسف، سیف الرحمن بلوانی،ڈویژنل و ڈسٹرکٹ مشینری نے روزانہ 18 گھنٹے کام کرکے زائرین مہمان کی سہولت کیلئے انسانی دسترس میں ممکن ہر اقدامات کئے۔زائرین کو بطور مہمان سنٹر میں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں. کمشنر نسیم صادق زائرین کو فراہم کیے جانے والے کھانے پینے کی اشیاء کو خود مانیٹر کررہے ہیں انہوں نے افسران کے ساتھ زائرین کیلئے تیار کیے گئے کھانے کو خود کھا کر معیار چیک کیا. انہوں نے کچن میں صفائی اور حفظان صحت کے مطابق معیاری کھانا تیار کرنے کے احکامات جاری کیے.
وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کے ہمراہ ڈیرہ غازی خان کا دورہ کرکے زائرین سے براہ راست معلومات حاصل کیں۔زائرین کی طرف سے بہتر سہولیات کی فراہمی کے برملا اظہار پر وزیر اعظم نے بھی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔غازی یونیورسٹی میں مقیم ہر زائر کی سکریننگ کی جارہی ہے اور ٹیسٹ رپورٹ منفی آنے والے زائرین کو محفوظ ماحول میں منتقل کرنے کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔شہر سے دور دانش سکول کی عمارت میں 232 زائرین کو منتقل کردیا گیا ہے جنہیں قیام،تین وقت کا کھانا،میڈیکل اور دیگر ممکنہ سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف پتافی نے ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کے ہمراہ زائرین کو منتقل کرنے سے قبل تمام انتظامات کا خود جائزہ لیا اور دانش سکول میں زائرین کا استقبال کرکے خوش آمدید کہا۔انہوں نے زائرین کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی قیادت میں پوری حکومتی مشینری اور قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔دکھ،مصیبت اور آزمائش کی اس گھڑی میں ان شاء اللہ ضرور کامیاب ہوں گے۔
مشیر صحت محمد حنیف پتافی،کمشنر نسیم صادق،ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے قوم کے نام پیغام میں کہا کہ اس مشکل گھڑی میں سماجی نظم و ضبط کا مثالی مظاہرہ کیا جائے۔ افرا تفری اور خوف و ہراس پھیلانے کے بجائے متحد ہوکر مثالی قوم ہونے کا ثبوت دیا جائے.