اسلام آباد / کراچی: ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 23 ہزار 651 ہوگئی جب کہ جاں بحق افراد کی تعداد 545 تک پہنچ گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 10 ہزار 178 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ ایک ہزار سے زائد افراد میں اس کی تصدیق ہوئی۔ اس طرح ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی مجموعی تعداد 23 ہزار 651 ہوگئی۔ ملک میں کورونا وائرس کے 6 ہزار 217 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 8693 ہے، سندھ میں 8640، خیبرپختونخوا میں 3499، بلوچستان میں 1659، گلگت بلتستان میں 386، اسلام آباد میں 485 اور آزاد کشمیر 76 میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد ہوگئی۔ ہے۔
ایک دن میں سب سے زیادہ اموات
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 50 کے قریب مریض زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جو کہ ملک میں ایک دن میں ہونے والی ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
545 افراد جاں بحق
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 40 مریض زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد اس وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 545 ہوگئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ 194 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 148، پنجاب میں 156، بلوچستان 21، اسلام آباد میں 4 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جب کہ ملک بھر میں کورونا کے 143 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پبلک ٹرانسپورٹ کی بحالی
سندھ حکومت نے اندرونِ شہر ٹرانسپورٹ سروس بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم انٹراسٹی ٹرانسپورٹ کی بحالی کے لیے ایس اوپی بنائی جائے گی۔
اسکول یکم جون کو بھی نہیں کھلیں گے
پنجاب، بلوچستان اور سندھ نے یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کی مخالفت اور خیبرپختونخوا نے حمایت کردی۔
209 میں سے 180 کورونا مریض
دبئی سے پاکستان پہنچنے والے 209 پاکستانی شہریوں کوقرنطینہ سینٹرمنتقل کیا گیا تھا جن میں 180 افراد میں کورونا مثبت جبکہ 29 میں کورونا منفی کی تصدیق ہوئی ہے۔
کورونا ٹیسٹ رپورٹ میں تضاد
اسلام آباد ہائی کورٹ کے ملازم کی سرکاری اور نجی لیباریٹری کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ میں تضاد سامنے آیا ہے۔
پمز میں کورونا سے جاں بحق افراد میں اضافہ
کورونا وائرس نے پمز اسپتال میں زیر علاج ایک اور مریض کی جان لے لی ہے جس کے بعد پمز میں اس وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔
کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:
کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔
سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔
پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔