ملتان ۔ صوبائی محکمہ ہائی وے میں 25 کروڑ مالیت کے فراڈ میں گرفتار اکاونٹس آفس ملتان کے دو افسران پر دوران تفتیش کاروبار میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ اے جی آفس کے اکاونٹنٹ امتیاز بڑے پیمانے پر مختلف تعلیمی امتحانات میں جعلی سازی کرکے تعلیمی ڈگریاں دلواتا تھا جبکہ دوسرے اکاونٹ افسر جہانزیب نے ایک بوگس سم کارڈ رکھا ہوا تھا اسکے موبائل کی مزید فرانزک جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ ہائی وے ملتان میں 25 کروڑ مالیت کے فراڈ بارے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عامر چیمہ کی جانب سے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے ،اس سارے فراڈ میں جہانزیب ماسٹر مائنڈ کے طور پر سامنے آیا ہے جو اکاونٹس آفس ملتان کا کلرک ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کی حراست میں موجود ہے جبکہ دوسرا گرفتار ملزم امتیازبھی اکاونٹس آفس ملتان کا کلرک ہے۔ اینٹی کرپشن ملتان کی تحقیقات کے مطابق امتیاز میٹرک،ایف اے،بی اے اور ایل ایل بی کی ڈگریاں بھی فروخت کر تا تھا جسکے کئے اسکا لاہور میں ایک منظم گروپ ہے ،اینٹی کرپشن کو دبئی میں مقیم ایک شخص کو ایل ایل بی کی ڈگری دلوائے جانےکے ثبوت بھی مل گئے ہیں ،اینٹی کرپشن کے مطابق اس کیس میں 8کروڑ کی ریکوری ہو چکی ہے جس میں 32 افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جاسکا ہے مزید 17کروڑ کا مقدمہ درج کرنے کی تیاریاں مکمل ہیں جبکہ امتیاز پر ڈگریوں کی خرید فروخت کا بھی ایک مقدمہ درج کیا جائےگا۔