ملتان کور کے زیر اہتمام فلڈ آگاہی سیمینار2016کا انعقاد
سیمینار میں متعلقہ محکموں، وفاقی و صوبائی سطح کے ماہرین ،سول اور فوجی افسران کی بھر پورشرکت
ملتان (صبح پا کستان ) ملتان کور کے زیرِ اہتمام فلڈآگاہی سیمینار2016کا انعقاد کیاگیا جس میں سیلاب سے متعلقہ مختلف محکموں ، وفاقی و صوبائی سطح کے ماہرین، سول اور فوجی افسران نے بھر پور شرکت کی۔فلڈ آگاہی سیمینار کا مقصد ملتان، ڈی جی خان، لیہ اور گرد و نواع میں ہر سال پیش آنے والی سیلابی صورتِ حال کی وجوہات، ممکنہ حفاظتی اقدامات اور دیگر امور کی نشاندہی، آگاہی اور بر وقت نبٹنے کے لیے کیے جانے والے عملی اقدامات کی تفصیلی جانچ پڑتال کرنا تھا۔
سیمینار کے شرکاء کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات میں سے سیلاب ایک ایسا قدرتی عمل ہے جو ہر سال بیش بہا انسانی جانوں کی ہلاکت اور کروڑوں روپے مالیت کی املاک کی تباہی کا سبب بنتا ہے جس کا بروقت مقابلہ کرنے کی کوشش ہی بہتر نتائج دے سکتی ہے۔ سیمینار کے شرکاء کا اِس بات پر بھی اتفاق تھا کہ ایسے سیمیناراور آگاہی مہمات کی بدولت آئندہ سالوں میں ممکنہ سیلاب کے خطرے سے نہ صرف بطریقِ احسن نبٹا جاسکتا ہے بلکہ بہت سی قیمتی جانوں اور قومی وملکی املاک کو بھی بچایاجاسکتا ہے۔
سیمینار میں اعلیٰ فوجی عہدے داران کے علاوہ متعلقہ محکموں جن میں سیکریٹری آبپاشی، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اسلام آباد، چیف میٹرولوجیکل لاہور ، سابق سیکرٹری محکمہ آبپاشی اور بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے مقریرین نے بھی خطاب کیا اور حاضرین کو سیلاب سے پہلے اور بعد کے حفاظتی اقدامات پر اظہار خیال کیا ۔سیمینار کے شرکاء نے آگاہی سیمینار کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ بھی ایسے مواقعوں کی فراہمی کی امید ظاہر کی۔