لیہ (صبح پا کستان)حضور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات مقدسہ پرصدق دل سے عمل پیرا ہو کر دینی و دنیاوی کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں ۔ اساتذہ کرام نوجوا ن نسل کو سیرت طیبہ سے روشناس کرانے کے لیے اپنی خدمات مزید بہتر طور پر سرانجام دیں تاکہ اسلامی فلاحی معاشرے کے قیام کو ممکن بنایا جاسکے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر بابربشیر نے گورنمنٹ مسلم ہائی سکول چوک اعظم میں میلاد النبی ﷺ کی منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب سے ضلعی صدر پی ٹی آئی چوہدری بشارت رندھاوا،ملک اویس جکھڑ ،پرنسپل خلیل خان بزدار نے بھی خطاب کیااور سیرت طیبہ کی مختلف پہلوووں پر روشنی ڈالتے ہوے کہا کہ حضور نبی کریم رحمت اللعالمین ہیں اور آنحضرتؐ کی سیرت طیبہ اور تعلیمات مقدسہ کا بنیادی محور تمام انسانیت کے لیے رحمت وبرکت سے ابارت ہے ۔ڈپٹی کمشنرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور پاک ؐبچوں سے ہمیشہ محبت کا اظہار کرتے تھے کیونکہ آئندہ نسل ہی قوموں کے تسلسل کا بنیادی حصہ ہوتی ہیں اس لیے ان کی تعلیم وتربیت اسوہ حسنہ اور سیرت طیبہ کے مطابق کرنے سے ہی دین و دنیا میں سرخرو اور کامیاب وکامرا ن ہوں گے۔بعدازاں ڈپٹی کمشنربابربشیر ،چوہدری بشارت رندھاو انے طالب علموں میں کیش پرائز ،تعریفی اسناداور ٹرافیاں تقسیم کیں۔تقریب میں اساتذہ کرام ،شہری اتحاد کے ممبران ،ذرائع ابلاغ کے نمائندگان اور طلباکی کثیرتعداد نے شرکت کی۔