لیہ،( صبح پا کستان )ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر یوم پاکستان کی مرکزی تقریب کا انعقاد ہوا۔محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام مرکزی تقریب گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول میں منعقد کی گئی۔تقریب کا آغاز قومی پرچم کشائی اور سلامی سے کیا گیا۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر رضوان گجر، ڈپٹی ڈی ای او گل شیر نے دیگر شرکاء کے ہمراہ پاکستانی پرچم بلند کیا۔مرکزی تقریب کا سیمینار کیپٹن اسفند یار بخاری شہید ہال میں منعقد ہوا۔سیمینار میں ڈپٹی ڈی ای اوز میمونہ ارم، فاطمہ عزیز،سینیر پرنسپلز مظہر حسین، رضوان عالم، عمران حیدر, طارق امین، سید نادر اور محمد بلال،میڈیا نمائندگان،اساتذہ و طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر رضوان گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ23 مارچ کا اہم اور یادگار دن تحریک پاکستان میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے یوم پاکستان لازوال قربانیوں اور بے پناہ جدوجہد کی تاریخی حقیقت ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن علامہ اقبال کے عظیم خواب، قائداعظم محمد علی جناح کے مصمم ارادے اور برصغیر کے مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ہم عہد کرتے ہیں قومی یکجہتی، باہمی محبت، اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دیکر وطن عزیز کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے۔ڈپٹی ڈی ای او گل شیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی بڑی نعمت ہے نوجوان نسل کو بزرگوں کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے آزاد قومیں اپنی ثقافت اور نظریے کو زندہ رکھتی ہیں آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے اور ہم اپنے وطن کی عظمت کے لئے مسلمانان ہند کی قربانیوں کو مشعل راہ بنا کر سفر جاری رکھیں گے۔سیمینار میں طلبہ نے ملی نغمے اور تقاریر پیش کیں اور شہداء کے خاندانوں قومی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔